مینگورہ ( مارننگ پوسٹ )تحصیل بشام شانگلہ میں عطائیوں کے خلاف خیبر پختونخواء ہیلتھ کیئر کمیشن ٹیم کا اسسٹنٹ کمشنر بشام کے ہمراہ آپریشن، متعددغیر رجسٹرڈ کلینکل لیبارٹریاں اور صحت مراکز سیل،درجن بھرغیر رجسٹرڈ صحت خدمات فراہمی کے اداروں کو نوٹس جاری۔ علاقے میں سرگرم عمل درجنوں عطائی ٹیم آمد کی اطلاع پر اپنے نام نہاد صحت مراکز کو تالے لگاکر منظر سے غائب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل بشام شانگلہ کے مختلف علاقوں میں عطائیت کا مکروہ دھندہ کرنے والے عطائیوں کے خلاف پاکستان سٹیزن پورٹل پر موصول ہونے والی عوامی شکایات کی روشنی میں خیبر پختونخواء ہیلتھ کیئر کمیشن کے ٹیم سنیئر انسپکٹر سعید الرحمان اور انسپکٹر فیض علی خان نے اسسٹنٹ کمشنر بشام خرم جدون کے ہمراہ بشام،کوڑمنگ اور دیگر علاقوں میں موجود نجی صحت مراکز کا اچانک معاینہ کیا، معائینے کے دوران بشام میڈیکل کمپلکس کے آپریشن تھیٹر میں سرجن کے بجائے ایم بی بی ایس ڈاکٹر کو سرجری کے عمل میں مصروف پایا گیا اور یہاں لیبارٹری سے زائد المعیادریجنٹس برآمد کئے گے جس پر پختونخواء ہیلتھ کیئر کمیشن کے ٹیم نے فوری کاروائی کرتے ہوئے بشام میڈیکل کمپلکس کے آپریشن تھیٹر اور کلینکل لیبارٹری کوبند کرکے سر بمہر کر دیا ہے۔معائینے کے دوران خیرمحمد کلینک، نواز کلینک،فاضل کلینک، عزیز کلینک و میٹرنٹی ہوم کے مالکان کو زونل آفس سوات میں پیش ہوکر متعلقہ دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی اورنور سرجیکل سینٹر، ایمن میڈیکل کمپلیکس کو او ٹی کے ساتھ آئی سی یو اور بلڈ بینک کے قیام کے لئے شوکاز نوٹس جاری کئے گئے جبکہ ڈاکٹر منور کلینک،ڈاکٹر ظفر علی کلینک،ڈاکٹر جواب احمد خان کلینک کو رجسٹریشن و تجدید رجسٹریشن کیلئے نوٹس جاری کر دیئے ہیں اور ڈاکٹر محمد حلیم کلینک مذکورہ احاطے کی حفظان صحت کے حالات کو بہتر کی ہدایت کی گئی۔ ہیلتھ کیئر کمیشن ٹیم آمد کی اطلاع ملتے ہی متعدد عطائی اپنی دکانیں بند کرکے رفو چکر ہوگئے۔
بشام شانگلہ میں عطائیوں کے خلاف آپریشن،لیبارٹریاں اور صحت مراکز سیل
