سوات: ضلع سوات میں ہوٹل کرایوں کا جائزہ لینے اور سروس کے اصولوں کے مطابق کرایوں کا تعین کرنے کے لئے لائحہ عمل ترتیب دینے کے لئے اجلاس ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ٹورسٹ سروسز نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بحرین ہدایت اللہ، اسسٹنٹ کمشنر چارباغ ابرار وزیر، حلال فوڈ اتھارٹی اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے حکام، صدر ہوٹل ایسوسی ایشن سوات حاجی زاہد خان اور دیگر شریک ہوئے۔اسسٹنٹ کنٹرولر اور انچارج ڈی ٹی ایس ریجنل آفس سوات محمد بلال نے شرکاء کو پرائس کنٹرول اور آنے والے سیزن کے شیڈول کے بارے میں بریفنگ دی۔ رہائشی ہوٹلوں کے لیے حتمی اور مناسب کرایا مقرر کرنے کے لئے ضلع کو تین زونز میں تقسیم کرنے کا فیصلہ ہوا۔مینگورہ، بری کوٹ، سیدو شریف، خوازہ خیلہ اور مٹہ کو زون ون، مدین، بحرین، میاندام اور گبین جبہ کو زون ٹو جبکہ کالام، مالم جبہ، اترور، اوشو اور مٹلتان کو زون تھری میں تقسیم کرکے کرایوں کے لئے درجہ بندی کرنے کا فیصلہ ہوا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جنید خان کا کہنا تھا کہ سوات میں سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ متحرک ہے۔ جبکہ ہوٹل کرایوں اور دیگر سہولیات کی بھی مسلسل نگرانی جاری ہے۔ حالیہ برفباری کے دوران ضلعی انتظامیہ متحرک رہی اور شاہراہوں اور سڑکوں کو سیاحت اور عام امدورفت کے لئے کھلا رکھا گیا۔ موسم گرما میں سیاحوں کی امدورفت کو مدنظر رکھتے ہوئے ابھی سے منصوبہ بندی کی جارہی ہے تاکہ سیاح بہتر سہولیات سے استفادہ کریں۔ اجلاس میں ریسٹورنٹس کی بھی درجہ بندی کرتے ہوئے مینو کا تعین اور ریٹ مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی رو سے ہوٹلوں کو سٹارریٹ کے زمرے میں درجہ بندی کرتے ہوئے روم رینٹ کا تعین کیا جائے گا۔ اسی طرح ڈائریکٹر جنرل ٹورسٹ سروسز خلاف ورزی کرنے والے ہوٹل کو سیل کرنے کے لئے مجاز اتھارٹی ہوگی۔ ریسٹورنٹ میں خلاف ورزی پر ڈائریکٹر جنرل ٹورسٹ سروسز،حلال فوڈاٹھارٹی،فوڈکنٹرول ایکشن لے سکیں گے۔ یاد رہے کہ سوات پہلا ضلع ہوگا جہاں یہ لائحہ عمل ترتیب دیا جارہا ہے جو دیگر اضلاع کے لئے بھی ایک مثال بنے گا۔