کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی سے قطر چیریٹی کے وفد نے نواف عبداللہ حمآدی کی سربراہی میں ملاقات کی۔ وفد میں قطر چیریٹی کے لئے پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر امین عبدالرحمان، مملکت بحرین سے احمد عبدللہ اور اے رحمان بکومال اور کویت سے میشل شاکر داؤد اور دیگر شامل تھے۔ ملاقات کے وقت ممبر صوبائی اسمبلی میاں شرافت علی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات سہیل احمد بھی موجود تھے۔ ملاقات میں قطر چیریٹی کے وفد نے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی سے قطر کی جانب سے ملاکنڈ ڈویژن کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ممکنہ امداد کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے قطر چیریٹی کے وفد کا شکریہ ادا کیا کہ مشکل کی اس گھڑی میں قطری حکومت اور قطر چیریٹی نے خیبرپختونخوا خصوصاً ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے وفد بھیجا اور ممکنہ امداد اور بحالی کے سلسلے میں تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کی۔