سوات: حالیہ برف باری اور بارشوں سے مینگورہ شہر میں سردی کا راج برقرار گرما گرم چکن کارن سوپ کی مانگ میں مزید اضافہ ۔ تفصیلات کے مطابق سردی کاموسم جاتے جاتے پھر رک گیا حالیہ برفباری اور بارشوں نے جاتی سردی روک دی جس سے مینگورہ شہر میں گرما گرم چکن کارن سوپ کی دکانوں پر لوگوں کا رش بدستور جاری ہے جن سے شہری بڑی تعداد میں مرچ مصالحے سے بھرپور چٹ پٹے سوپ کا مزہ لے کر خود کو حرارت پہنچا رہے ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ ابلے ہوئے انڈے اور یخنی کا بھی لطف اٹھایا جارہا ہے۔ سوپ بیچنے والوں کا کہنا ہے کہ ہمارا کاروبار تو چلتا ہی صرف اور صرف سردیوں میں ہے اور ہمارے پاس لوگوں کو سردی سے محفوظ کرنے کا سارا انتظام موجود ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ چکن کارن سوپ نہ صرف جسم کو حرارت پہنچاتا ہے بلکہ یہ لذیذ اور مزیدار بھی ہوتا ہے اور دوستوں کے ساتھ موسم سرما میں سوپ تو لازم و ملزوم ہو جاتا ہے۔