سوات (مارننگ پوسٹ) انسپکٹر جنرل آف پولیس محمد طاہر خان نے سوات کا دورہ کیا ، دورے کے موقع پر جاوید اقبال شہید پولیس لائن کبل میں پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شفاف اور پر امن انتخابی عمل کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائینگے،الیکشن کے دوران پولیس غیر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن عامہ میں رخنہ اندازی کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کیلئے پوری طرح چوکس رہئے ،دہشتگردی اور دیگر درپیش چیلنجز کا مردانہ وار مقابلہ کرکے خیبر پختونخوا پولیس نے بہادری کی انمٹ تاریخ رقم کردی ہے ، جسکا پورا ملک معترف ہے،پولیس کے ہر رینک کا افسر اور جوان شہداء کی لازوال قربانیوں اور فورس کے وقار کو بلند کرنے میں اپنا بھر پور پیشہ وارانہ کردار ادا کریں ،عوام کی خدمت کو نصب العین بناکر قانون اور انصاف کی بالا دستی کو ہرحال میں مقدم رکھا جائے،بعد میں صوبائی پولیس سربراہ نے ڈی ار سی دفتر کا دورہ کیا ممبران سے تعارفی ملاقتیں کی چیئر مین ڈی آرسی نے اپنے کا رکردگی کے حوالے سے مہمان خصوصی کو تفصیلی طورپر اگاہ کیا،جس پر صوبائی پولیس سربراہ نے تمام ممبران کی کاوشوں کو سراہااور کہاکہ ڈی آر سی کی افادیت کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کی جائیگی۔ آخر میں آئی جی پی نے آر پی اُو آفس میں رینج کے تمام ڈی پی اوز اور ایس پیز انوسٹی گیشن کے ساتھ میٹنگ کی جس میں آر پی اُو نے تمام اضلاع کے جرائم اور اس کے سدباب کے لئے پولیس اقدامات سے آگاہ کیا اس موقع پر آئی جی پی نے حکم دیا کہ پولیس اور عوام کے درمیان فاصلوں کو کم کیا جائے اور جرائم کے خلاف عوام کا تعاون حاصل کرنے کے بھر پور کوشش کی جائے۔اس موقع پر سوات کے بہادر پولیس نے صوبائی پولیس سربراہ کو سلامی پیش کی۔ دربار کے آغاز میں ریجنل پولیس سربراہ سعید وزیر خان نے صوبائی پولیس سربرا ہ کو ریجنل پولیس کے جانب سے خوش آمدید کہا،سوات سمیت دیگر اضلاع کے ضلعی پولیس سربراہان ،ایس پی ایز،ایس ایچ اوز،اور جوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ بہترین کارکردگی پر پولیس افسران میں نقد انعام اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔