سوات(مارننگ پوسٹ) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام شاہ نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواران ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں ، سرکاری گاڑیوں میں سیاسی جھنڈے ، بینرز وغیرہ برداشت نہیں کی جائیگی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر سیدو شریف میں امیدواران کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر امیدواران نے مختلف تجاویز دیئے ، کمشنر سید ظہیر الاسلام شاہ نے امیدواروں پر زور دیا کہ ملک میں عام انتخابات ہمارے مستقبل کیلئے اہم ہیں تا ہم اس سلسلے میں انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق مقرر ہیں ، اس دوران بھرتیوں ، تبادلوں پر بھی پابندی عائد ہے ، انہوں نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے خلاف ورزی پر سختی سے کاروائی ہوگی ، پولنگ سٹیشنوں کے حدود میں بینرز وغیرہ لگانا ممنوع ہے ، کوڈ آف کنڈک کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے واضح قوانین ہیں جس پر عمل درآمد کررہے ہیں ، تمام سیاسی پارٹیاں اور آزاد امیدواروں ہمارے لئے ایک جیسا ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ مینگورہ شہر اور دیگر مقامات میں اب تک غیر قانونی طور پر لگائے گئے بینرز ، پوسٹرز وغیرہ کو ہٹادیا گیا ہے اور مزید کاروائی کی جارہی ہے ، انہوں نے کہا کہ بینرز ، سٹیکرز اور دیگر اشیاء کے حوالے سے مقررہ سائز سے تجاوز پر بھی کاروائی کی جائیگی ۔