مینگورہ:مینگورہ شہرمیں ٹریفک کامسئلہ سنگین سے سنگین تر ہوگیا،قدم قدم پر ٹریفک جام معمول بن گیا،منٹوں کا راستہ گھنٹوں میں طے کیا جانے لگا،ٹریفک قواعد کی خلاف ورزیوں میں رکشے پیش پیش،سوات کے مرکزی شہر مینگورہ میں دیگر مسائل کے علاؤہ ٹریفک کا مسئلہ بھی کافی سنگین شکل اختیار کر چکا ہے،ریاستی دورمیں چند گاڑیوں کیلئے بننے والی سڑکوں پر آج لاتعداد گاڑیاں نظرآرہی ہیں جن میں اکثریت رکشوں کی ہے جو دیگر گاڑیوں کے نسبت ٹریفک قواعد کی زیادہ خلاف ورزیوں کے مرتکب ہورہے ہیں اور اس کی بڑی وجہ رکشے چلانے والے بیشتر ڈرائیوروں کی ٹریفک قوانین سے ناواقفیت ہے،ان ڈرائیوروں میں غیرلائسنس یافتہ اور نوعمر لڑکے بھی شامل ہیں اس کے علاؤہ یہاں پر چلنے والے رکشوں میں سینکڑوں رکشے غیررجسٹرڈ اور غیرقانونی ہیں یہی وجہ ہے کہ اس وقت مینگورہ شہر میں کھلے عام ٹریفک قواعد وضوابط کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں،ان رکشوں کی وجہ سے شہر کی ہر شاہراہ پر ٹریفک جام نظرآتی ہے، ٹریفک اہلکار صبح سے لے کر رات گئے تک ٹریفک کو قابو کر نے کی کوشش کرتے نظر آرہے ہیں مگر گاڑیوں کی بہتات کی وجہ سے ٹریفک کا پہیہ رواں دواں رکھنا مشکل ہوتا ہے،مقامی حلقوں نے حکام سے مینگورہ شہر میں ٹریفک مسائل پر قابو پانے کیلئے فوری اور موثر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔