سوات(مارننگ پوسٹ نیوز)چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان نے محکمہ آبپاشی کے ایکسین غلام اسحاق کو ہدایت کی ہے کہ وہ ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار تیز کریں اور اُن کی مقررہ وقت میں تکمیل کو یقینی بنائیں۔وہ منگل کے روز ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس میں ایس ڈی او بختیار ،ایس ڈی او انور اللہ اور دیگر نے شرکت کی۔فضل حکیم خان نے اجلاس کو بتایا کہ صوبائی حکومت کی پالیسی روز روشن کی طرح واضح ہے جس کے تحت عوام کا پیسہ عوام کی ترقی اور خوشحالی پر ہی خرچ ہوتا ہے۔اس طرح کام کے معیار پر سودا بازی کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی اور نہ ہی منصوبوں میں طوالت کی اجازت ہوتی ہے۔اجلاس میں محکمہ آبپاشی کے ایس ڈی او بختیار خان نے چیئرمین ڈیڈک کو ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی ۔اجلاس میں چیئرمین ڈیڈک نے مزید کہا کہ لنڈیکس تا اخترآباد ،فیض آباد تا مینگورہ شہر خوڑ کے اطراف پر جلد لنک روڈ وں پر کام شروع کیا جائے تاکہ مینگورہ شہر میں ٹریفک کا مسلہ حل ہو جائے اور عوام کو سہولت میسر ہو۔انہوں نے کہا کہ سیدوشریف خوڑگئی ،چینہ مارکیٹ اورمینگورہ شہر کے دیگر نکاسی آب کے کاموں کو خصوصی طور پر جلد مکمل کیا جائے۔اسی طرح تعمیراتی پلوں ،خوڑوں کے پشتوں،صفائی ستھرائی اور عوامی مفادات کے دیگر کاموں میں تیزی لائی جائے۔