سوات(مارننگ پوسٹ)جیو جنگ گروپ کے گرفتار ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی رہائی کیلئے سوات پریس کلب میں صحافیوں کا احتجاجی مظاہرہ،حکومت صحافت پر قدغن لگانے کیلئے طرح طرح کے حربے استعمال کررہی ہے مگرصحافی ڈرنے اور دبنے والے نہیں،موصوف کی رہائی تک احتجاج جاری رہے گا،اس حوالے سے گذشتہ روز سوات پریس کلب میں صحافیوں نے احتجاجی مظاہرہ کرکے میر شکیل الرحمان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا،اس موقع پر سوات پریس کلب کے چیئرمین شہزادعالم اوردیگر نے کہاکہ حکومت ہوش کے ناخن لے،گرفتاریوں سے صحافیوں کو دبایا نہیں جا سکتا بلکہ اس طرح کے اقدامات سے صحافیوں کے حوصلے پست ہونے کی بجائے مزید بلند ہورہے ہیں،انہوں نے کہاکہ میرشکیل الرحمان کی گرفتاری صحافت پر قدغن لگانے کا مترادف اقدام ہے جسے کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،انہوں نے کہاکہ موصوف کی رہائی تک احتجاجوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے،اس موقع پر صحافیوں نے نعرہ بازی بھی کی۔