پاکستان تحریک انصاف کے حلقہ پی کے امیدوار فضل حکیم خان نے اہم ناراض ورکروں کو منا لیا
سوات (مارننگ پوسٹ) پاکستان تحریک انصاف کے حلقہ پی کے امیدوار فضل حکیم خان نے حلقے میں مزید اہم ناراض ورکروں کو منا لیا ، پی کے پانچ سے آزاد امیدوار اور نظریاتی ورکرضیاء اللہ عرف جانان نے سوات پریس کلب میں پر ہجوم پریس کانفرنس میں فضل حکیم خان کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کردیا ، پریس کانفرنس سے حلقہ این اے 3 سے قومی اسمبلی کے امیدوار سلیم الرحمن ، زاہد خان عرف باز خان ، فضل رحمن ، نعمان خلیل اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر اہم رہنما اقبال محمود ، سینئر رہنما حضرت رحمن ماما اور ورکروں کی کثیر تعداد موجود تھی، ناراض ورکروں اور دستبردار ہونے والے امیدوار ضیاء اللہ عرف جانان نے کہا کہ میں نے پاکستان تحریک انصاف میں22سال گزارے ہیں اسلئے کسی اور پارٹی میں شامل ہونے کا سوچ بھی نہیں سکتا ، اسلئے میں نے پی ٹی آئی کے مقامی قائد اقبال رحمن ، شاہد علی خان ، اقبال محمود ، آفرین خان ، حاجی خان طوطی ، زاہد خان عرف باز خان ، نعمت شاہ ، وسیم اکرم ، ولی اللہ ، ظفر اللہ اور دیگر ساتھیوں کی اپیل اور مشوروں پر اپنی ناراضگی ختم کرکے فضل حکیم خان کے حق میں دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ، میرے ساتھ مرکزی ، صوبائی اور ضلعی قائدین نے بھی فون پر گفتگو کرتے ہوئے میرے تحفظات ختم کردیئے ، امیدوار حلقہ پی کے پانچ فضل حکیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ورکرز اور ملک بھر کے عوام عمران خان کو وزیر اعظم دیکھنا چاہتے ہیں ، مخالفین کے پاس میرے خلاف پروپیگنڈوں کے علاوہ کچھ بھی نہیں کیونکہ میرا دامن ہر قسم کرپشن سے پاک ہے ، انہوں نے نے ناراضگی ختم کرنے پر تمام ورکروں کا شکریہ ادا کردیا ۔