سوات کے سرکاری کانجو ٹاؤن شپ میں 3 ٹیوب ویل بیک وقت خراب ہوگئے ۔ گذشتہ چار روز سے  پانی کی فراہمی معطل  ہونے سے ہزاروں  مکین بوند بوندکو ترس گئے ۔ایس ڈی ڈی اے کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث مکین نئے نئے عذاب میں مبتلا ہورہے ہیں اور بجلی ،صفائی  کی ناقص پالیسی کے بعد اب پانی کی ترسیل بھی بند ہوگئی ہے۔ ٹاؤن شپ میں تین ٹیوب ویل بیک وقت خراب ہونے کی وجہ سےتین ہزار گھرانوں کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے ۔ ٹاؤن کے مساجد میں وضو کے لئے بھی پانی ناپید ہے جبکہ روزہ دار بھی مسلسل چار رو ز سے پانی کے حصول کے لئے  در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔ ٹاؤن کے مکینوں نے متعقلہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے بصورت دیگر شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے ۔ایس ڈی ڈی اے حکام کے مطابق ٹیوب ویلوں کی مرمت اور بحالی پر کام جاری ہے اور بہت جلد پانی کی فراہمی بحال کی جائے گی ۔