وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے سوات کا یک روزہ دورہ کرکے 21 ارب 70 کروڑ روپے کے 16 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد بھی رکھا۔ انہوں نے ویمن کیمپس سوات یونیورسٹی کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ منصوبہ ایک ارب 40 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے خوازہ خیلہ ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ منصوبہ 2 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے جنکی خیل، ازی خیل، متوڑیزی ایری گیشن چینل کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ منصوبے کی تکمیل پر تقریباً ڈھائی ارب روپے لاگت آئے گی۔ وزیر اعلیٰ نے خوازہ خیلہ بائی پاس روڈ کا بھی سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ وزیر اعلیٰ نے صوبے کی پہلی ویٹرنری یونیورسٹی کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیا۔ یونیورسٹی کے قیام پر 8 ارب روپے لاگت آئے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کانجو بائی پاس روڈ، کبل گرڈ اسٹیشن، اسپورٹس کمپلیکس ننگولئی اور دیگر منصوبوں کا بھی سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ وزیر اعلیٰ نے کبل ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا افتتاح کیا۔ منصوبہ تقریباً 35 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے تحصیل کمپلیکس کبل کا بھی افتتاح کیا۔ منصوبہ 37 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غلامی کی زنجیروں کو توڑنا چاہیے۔ پاکستان اس لیے نہیں بنایا گیا تھا کہ چوروں کو مسلط کرکے عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالا جائے۔ عوام کے ووٹ سے منتخب حکومت پر شب خون مارا گیا۔ لاہور کے جلسے میں پاکستان کی بقا کے لیے شرکت کرنی چاہیے۔ 34 کابینہ کے ممبران ہیں، وہ بھی ضمانت پر ہیں۔ یہ کیئر ٹیکر گورنمنٹ ہے۔ یہ الیکشن کا سال ہے۔ یہ حکومت تین ماہ بھی نہیں چل سکتی۔ صحت کارڈ اسکیم صوبے کے عوام کے لئے بہت بڑا تحفہ ہے۔ اس اسکیم کو ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔ اس اسکیم کو مستقل بنیادوں پر چلانے کے لئے قانون سازی کی جارہی ہے۔ صوبے میں پناہ گاہوں کے پروگرام کو بھی مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا۔ سوات موٹروے فیز ٹو ہر صورت بنے گا، لیکن لوگوں کے نقصانات کو کم سے کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن کی پائیدار ترقی کے لئے جو منصوبہ بندی کی تھی، اب اس کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔ سوات کی طرح دیگر اضلاع کا بھی دورہ کرکے وہاں پر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کروں گا۔ پشاور اور کراچی کے بعد کل لاہور میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہونے جا رہا ہے۔ عمران خان کی قیادت میں یہ ملک صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنے گا۔