سوات(مارننگ پوسٹ)کورونا وائرس سے بچائو کے لئے حکومت کی طرف سے جاری ہدایات پر عملدرآمد سے کاروباری افراد اور دیہاڑی دار مزدوروں کو دو وقت کی روٹی کی فکر لاحق ہوگئی ۔مقامی انتظامیہ شہریوں کی حفاظت اور وائرس کے ممکنہ پھیلائو کو روکنے کے لئے پوری طرح متحرک ہے اور اس سلسلے میں حکومت کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر من و عن عمل کرتے ہوئے ہفتہ وار میلوں پر پابندی لگادی گئی ہے جبکہ باربر شاپس بند کردی گئی ہیں، اس کے علاوہ ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کو بھی بند کیا جارہا ہے ۔ان کاروباری جگہوں پر دیہاڑی دار مزدور کام کرتے ہیں جو روزانہ اجرت ملنے پر پورا کنبے کا بوجھ اٹھاتے ہیں۔
بعض ہیئر ڈریسر نے بتایا کہ وہ حکومت کی طرف سے حفاظتی اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہیں لیکن دو ہفتے تک ان کا کاروبار بند رہے گا تو وہ اپنے بال بچوں کو کہاں سے کھلائیں گے ،یہی نہیں بلکہ گھروں اور دکانوں کے کرائے کی ادائیگی کے لئے بھی طرح طرح کے پاپڑ بیلنا پڑیں گے۔