ٹرانس پشاور نے "بہترین اسمارٹ ٹکٹنگ پروگرام” کا عالمی ایوارڈ جیت لیا۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی سطح پر بی آرٹی پشاور کی پذیرائی کا سلسلہ جاری، بی آرٹی پشاور نے ایک اور عالمی ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔ بی آرٹی پشاور کو بہترین اسمارٹ ٹکٹنگ پروگرام کے عالمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ لندن میں قائم کردہ ٹرانسپورٹ ٹکٹنگ گلوبل کی جانب سے دیا گیا۔ یہ ایوارڈ پشاور بی آر ٹی سروس کو دو لاکھ سے زائد یومیہ مسافروں کی سمارٹ ٹکٹنگ سروس کے زمرے میں دیا گیا ہے۔ ٹرانسپورٹ ٹکٹنگ گلوبل برطانیہ کی جانب سے یہ ایوارڈ ٹرانس پشاور کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے معاشرے کے ایک بڑے طبقے کو سفری آسانی فراہم کرنے پر پیش کیا گیا۔ اس ایوارڈ کے فاتحین کا اعلان 28جون 2022 کو لندن میں دسویں سالانہ ایوارڈز کی تقریب میں کیا گیا۔
ترجمان ٹرانس پشاور کا کہنا تھا ٹرانسپورٹ ٹکٹنگ گلوبل ایک عالمی سمارٹ ٹکٹنگ اور نقل و حرکت کی کمیونٹی ہے جو 71 ممالک کے معروف سمارٹ ٹکٹنگ اور نقل و حرکت کے ماہرین کو اکھٹا کرتی ہے۔ دسویں سالانہ ٹرانسپورٹ ٹکٹنگ ایوارڈز نے ہماری کمیونٹی کی کامیابیوں ، اختراعات اور مشترکہ کوششوں کا سراہا۔ اس ایوارڈ کے ذریعےمسافروں کو محفوظ اور اعلیٰ معیار کی سفر ی سہولت مہیا کرنے میں دنیا بھر میں ہونے والے بہترین کام کو تسلیم کیا جاتا ہے۔
ایل ایم کے ریسورسز پرائیویٹ لمیٹڈ کے نمائندے نے یہ ایوارڈ ٹرانس پشاور کی جانب سے لندن میں منعقد سالانہ ٹرانسپورٹ ٹکٹنگ گلوبل سمٹ 2022 میں وصول کیا۔
بی آر ٹی نے "بہترین اسمارٹ ٹکٹنگ پروگرام” کا عالمی ایوارڈ جیت لیا۔
