مشیرِ وزیراعظم و صدر پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا، انجینئر امیر مقام، کا کہنا ہے کہ الیکشن کمشن کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی پر پابندی لگائی جائے اور عمران خان کو نااہل قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ عمران خان نے 351 غیرملکی کمپنیوں اور 34 غیرملکیوں سے غیرقانونی فنڈنگ لی جس میں اسرائیل اور بھارتی بھی شامل ہیں۔ مشیر نے مزید کہا کہ امریکہ، کینیڈا سے غیرقانونی فنڈنگ لے کر عمران خان یہاں امریکہ کے خلاف بیانیہ بنارہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ثابت ہوگیا کہ عمران خان ازخود ایک غیرملکی سازش ہے۔ امیر مقام نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ عمران خان نے غیر ملکی فنڈنگ سے پاکستان میں سیاست کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اداروں اور ان کی قیادت پر کیچڑ اچھالنے کے لئے عمران خان کو بیرونِ ملک سے اربوں روپے ملے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ثابت ہوگیا کہ عمران خان صادق اور امین نہیں، اور الیکشن کمشن کے فیصلے نے عمران خان کو جھوٹا شخص قرار دے دیا ہے۔
پی ٹی آئی پر پابندی لگائی جائے اور عمران خان کو نااہل قرار دیا جائے۔امیر مقام
