سوات:دریائے سوات میں دوسرے روز بھی اونچے درجے کا سیلاب رہا۔ سوات میں دو روز کے دوران سیلاب سے24 افراد جاں بحق اور28 زخمی ہوئے۔ سیلاب میں 130 کلومیٹر سڑکیں بہہ گئیں۔ 17 رابطہ پل بھی سیلابی ریلے کی نذر ہوئے، جس میں مدین کا مشہور ”سُرپل“ (سرخ پل) بھی شامل ہے۔ انتظامیہ کے اعداد وشمار کے مطابق 233 مکانات اور 40 پل بھی سیلاب میں بہہ گئے ہیں۔ کالام اور بحرین میں ایک ہزار سے زائد سیاح پھنس گئے ہیں، جن کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے مینگورہ منتقلی کا سلسلہ شروع کردیا گیاہے۔ کالام میں گذشتہ روز سے شدید اور مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے دریائے سوات میں ہفتہ کو بھی اونچے درجے کا سیلاب رہا۔ محکمہ ایری گیشن کے مطابق ہفتہ کی شام پانچ بجے دریائے سوات میں پانی کا اخراج 121326 کیوسک رہا۔ بجلی کے کھمبے بہہ جانے کی وجہ سے سوات کے بیشتر علاقوں کی بجلی منقطع ہے۔ اسلام آباد اور پشاور سے مینگورہ، مدین، خوازہ خیلہ اور مٹہ کبل تک جانے کے لئے تمام سڑکیں ٹریفک کے لئے بحال ہیں، تاہم مدین سے بحرین اور کالام تک سڑک ٹریفک کے لئے بند ہے۔