سوات:پیسکو ملاکنڈ ڈویژن کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر نظیر احمد نے کہا ہے کہ دریائے سوات میں پانی کی سطح میں کمی کے بعد پیسکو حکام نے دن رات ایک کرکے کام شروع کردیا ہے اور جلد ہی سوات کے تمام علاقوں میں بجلی بحال کردی جائیگی۔ پیسکو سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے بجلی کی مین لائن کو سب سے زیادہ نقصان پہچایا جس کی وجہ سے 54 فیڈروں کو شدید نقصان پہنچا لیکن پیسکو کے جوانوں نے دن رات ایک کرکے 19 فیڈروں پر بجلی بحال کردی۔ انہوں نے کہا کہ دریائے سوات میں پانی کی سطح میں اضافہ کی وجہ سے مین لائن کے کھمبے لگانا فی الحال ممکن نہیں لیکن وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام کی خصوصی کوشش اور پیسکو چیف ایگزیکٹو کے احکامات پر 19 کلومیٹر 500 ایم سی ایم ہائی پاور کیبل منظور کیا گیا ہے جس میں سے سات کلومیٹر کیبل پہنچ گیا ہے. باقی پہنچنے والا ہے. اس کیبل کے بچھانے سے چند دنوں میں تحصیل کبل، مٹہ، مدین اور دیگر علاقوں میں بجلی بحال ہو جائیگی۔