عالمی ادارہ صحت کے پاکستان کیلئے نمائندہ ڈاکٹر پلیتہ گُنرتنا ماہی پالا نے سیلاب سے متاثرہ ضلع سوات کا ایک روزہ دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد سلیم خان بھی انکے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سوات کو متاثرین سیلاب کیلئے ادویات حوالے کیں اورسیلاب سے متاثرہ علاقوں مٹہ اور مدین کے صحت مراکز کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے بچوں کو پولیو ویکسین پلائی اور ہسپتال میں موجود مریضوں اور بچوں سے ملاقات بھی کی۔ ضلعی محکمہئ صحت کی جانب سے وفد کو سوات میں سیلاب کی تباہی اور محکمہئ صحت کی کارکردگی اور ضروریات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دورے کے موقعے پر عالمی ادارہ صحت کے نمائندے کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او نے خیبر پختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ 13 اضلاع کیلئے ریپڈ اسسمنٹ مکمل کر لی ہے۔ دورے کے موقعے پر ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ کا کہنا تھا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن محکمہ صحت کو ایمرجنسی رسپانس میں معاؤنت فراہم کر رہا ہے، جس میں ادویات کی فراہمی، پیشہ ورانہ خدمات و دیگر آلات کی فراہمی شامل ہے۔