ڈائریکٹر انفارمیشن خیبرپختونخوا نورالہادی کا کہنا ہے کہ حالیہ سیلابی صورتحال کے دوران محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ نے عوام تک بروقت صحیح معلومات پہنچانے میں نہایت ہی اہم کردار ادا کیا۔ پرنٹ، الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل میڈیا کا موثر استعمال کیا گیا اور عوام کو ضروری معلومات اور حکومتی اقدامات اور حکمتِ عملی سے باخبر رکھا گیا۔ اسی طرح پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا نے موثر کردار ادا کرتے ہوئے نہ صرف عوام کو حکومتی اقدامات سے ہمہ وقت آگاہ رکھا بلکہ دور افتادہ علاقوں سے رپورٹنگ کے ذریعے عوامی مشکلات اداروں تک پہنچائی جس کے نتیجے میں موثر ریسکیو اور ریلیف اقدامات ہوئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریجنل انفارمیشن آفس سوات دورے کے موقع پر پختونخوا ریڈیو سوات کے لائیو پروگرام کے دوران گفتگو میں کیا۔ پروگرام میزبان کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ آفات کے دوران صحیح اور بروقت معلومات سے انسانی جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ نے عوام تک صحیح معلومات کی رسائی کے لئے متعدد نئے اقدامات کئے ہیں۔
حالیہ سیلابی صورتحال سوات میں ڈیجیٹل میڈیا کا موثر استعمال کیا گیا،ڈائریکٹرانفارمیشن
