ویب ڈیسک : خیبر پختونخوا حکومت نے بلدیاتی نمائندوں کیلئے تنخواہ ، سیشن الائونس، موبائل اخراجات اور پیٹرول اخراجات مقرر کردیئے، سٹی میئر و تحصیل چیئرمین کیلئے 30 ہزار جبکہ ویلج و نیبر ہڈ کونسل چیئرمین کیلئے 20ہزار روپے تنخواہ مقرر کی گئی ہے، محکمہ بلدیات کی جانب سے جاری خیبرپختونخوا لوکل گورنمنٹ الیکٹڈ آفیشلز رمیونیشن اینڈ الائونسز رولز 2022ء کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے تمام ادائیگیاں مقرر کی گئی ہیں
جن کے مطابق میئر اور تحصیل چیئرمین کیلئے 30ہزار روپے ماہانہ، 130لیٹر پیٹرول، 2 ہزار روپے موبائل فون اخراجات، 5 ہزار روپے تفریحی اخراجات اور ڈیڑھ ہزار روپے ضلع سے باہر جانے کے اخراجات ہونگے تاہم وہ مہینے میں صرف 5 روز تک ضلع سے باہر سفر کرنے پر وصولی کر سکیں گے، اسی طرح پریذائیڈنگ آفیسر کیلئے ایک ہزار روپے سیشن الائونس اور ممبرز کیلئے 500 روپے سیشن الائونس مقرر کیاگیا ہے
اعلامیہ کے مطابق ویلج و نیبر ہڈ کونسلز کے چیئرمین کیلئے 20 ہزار روپے ماہانہ، ڈیڑھ ہزار روپے موبائل فون اخراجات اور دو ہزار روپے تفریحی اخراجات مقرر کئے گئے ہیں جبکہ ممبرز کیلئے 300روپے سیشن الائونس مقرر کردیا گیا ہے، بلدیاتی نمائندے اگر کسی جرم میں زیر تفتیش ہوئے تو انہیں یہ ادائیگیاں نہیں کی جائیں گی جبکہ 40 روز سے زائد چھٹی پر جانیوالے بلدیاتی نمائندے بھی ادائیگی سے محروم رہیں گے، سیکرٹری کونسل حاضری کا رجسٹر اور ریکارڈ رکھے گا اور یہ ادائیگی متعلقہ بلدیاتی حکومت کے اعلامیہ کے اجراء کے بعد سے عمل میں لائی جائے گی، صوبائی حکومت ان ادائیگیوں میں تبدیلی کرنے کی مجاز ہوگی۔
خیبر پختونخوا : سٹی میئر، تحصیل، ویلیج و نیبر ہڈ چیئرمینز کیلئے تنخواہ مقرر
