سوات: ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان نے سیدو شریف میں موسم سرما کے حوالے سے ہنگامی پلان بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ضلعی محکموں اور انتظامی افسروں کو موسم سرما میں بالخصوص برف باری کے دوران کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر سوات نے موسم سرما کے دوران موسمی حالات و تغیرات سے نمٹنے کے لئے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے اور ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ گبین جبہ ،ملم جبہ،میاندم،مدین،کالام اور دیگر علاقوں میں بارش اور برف باری کے دوران شاہراہوں پر آمدورفت معطل رہنے کا امکان رہتا ہے اور اسی صورتحال کے پیش نظر اداروں کو چوکس، ہائی الرٹ اور تیار رہنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر قسم کی مشنری، گریڈر، ٹریکٹرز ، ایمبولینس یا دیگر ضروری سامان تیار رکھا جائے اور معاون اسٹاف اور عملہ بھی ہائی الرٹ رہے۔ انہوں نے بھاری مشینری کے استعمال کو یقینی بناتے ہوئے ملم جبہ روڈ،گبین جبہ روڈ،مٹہ جارگوابشار روڈ،شورروڈ،میاندم روڈ،شنگلہ ٹاپ،چیل مدین روڈ،بحرین ٹوکالام روڈ،اتروڑ روڈ،مہوڈنڈ روڈ،مٹلتان،پلوکاہ روڈ،اتروڑسڑکوں کو ہر وقت امدورفت کے لئے بحال رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں صحتِ عامہ، ریسکیو، اور سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے ضلع میں موجود وسائل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ریسکیو و ریلیف محکموں کے حکام، این ایچ اے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو، محکمہ صحت، میونسپل کمیٹی محکمہ پی ایچ ای سمیت دیگر محکموں کے افسران شریک ہوئے۔