نوشہرہ ()نوشہرہ کے علاقے وتڑ میں پشتو کی مشہور گلو کارہ ریشم خان کو اپنے شوہر نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ ملزم کی یہ چوتھی شادی تھی۔ عبیداللہ ولد عبدالرزاق ساکن ترناب چارسدہ حال حکیم آباد نوشہرہ نے پولیس کورپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی بہن ریشم زوجہ فائدہ خان عرف فواد خان ولد گل رحمان ساکن خاتو خیل نوشہرہ کلاں حال وتڑ کے ہمراہ حکیم آباد میں اس کے گھر میں رہائش پذیر ہے ۔ ریشم عرف ریشماں خان کی شادی ایک سال قبل ملزم فائدہ خان سے ہوئی۔ اس کا شوہر فائدہ خان دوبئی میں کام کرتا ہے۔ گزشتہ روز فائدہ خان اپنی والدہ کی بیماری کا بتاکر ریشم کو اس کی عیادت کے لیے وتڑ لے گیا۔ کافی انتظار کے بعد وہ واپس گھر نہیں آئے ۔ تو اس نے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم فائدہ خان کا فون بند ّآرہا تھا۔جس پر انہیں شک ہوا اور جب وہ اپنے بہنوئی کے گھر گئے تو وہاں تالے لگے ہوئے تھے۔ جب بیٹھک کی جانب سے وہ اپنے ماموں کے ہمراہ فائدہ خان کے گھر میں داخل ہو ا تو دیکھا کہ ریشم خان خون میںلت پت پڑی تھی ۔ عبیداللہ نے الزام لگایا کہ اس کی بہن ریشم خا ن کو اس کے شوہر فائدہ خان ولد گل رحمن ساکن خاتو خیل نوشہرہ حال حکیم آباد نے ڈاکٹر ہمایون ولد قادر بخش ساکن ہشتنگری پشاور کی ملی بھگت سے فائرنگ کرکے قتل کیا ہے کیونکہ ریشم اور اس کے شوہر کے مابین ایک ہفتے سے گھریلو ناچاقی تھی ۔ مقتولہ کی لاش ڈی ایچ کیو ہسپتال نوشہرہ منتقل کردی گئی جہاں پر لاش ورثا کے حوالے کردی گئی