وزیراعظم عمران خان ایک اور ناممکن کو ممکن بنانے نکل پڑے، ملک بھر میں متوسط اور غریب طبقے کو گھر فراہم کرنے کا وعدے کی تکمیل کا پہلا مرحلہ شروع ہوگیا، نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت 7 اضلاع میں نادرا نے فارم کے اجراء کا آغاز کردیا، اسکیم میں عوام کی کھڑکی توڑ دلچسپی دیکھی جارہی ہے، پہلے ہی دن ایک لاکھ 25 ہزار سے زیادہ فارم ڈاؤن لوڈ کرلیے گئے۔
عمران خان نے قوم سے ورلڈ کپ لانے اور کینسر کا اسپتال بنانے کے وعدے کئے جو پورے کردیئے، ایک بار پھر غریب اور متوسط طبقے کیلئے گھر بنانے کا وعدہ پورا کرنے کیلئے کمر کس لی، جس ملک میں 70 سال میں صرف ایک کروڑ 92 لاکھ مکان بنے ہیں جن میں سے 1 کروڑ 3 لاکھ پکے ہیں، عمران خان نے 5 سال میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔
عمران خان کے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کو ملک اور بیرون ملک بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، پہلے مرحلے میں 7 شہروں میں فارم کا اجراء شروع ہوا۔
پہلے ہی دن نادرا کی ویب سائٹ پر دنیا کے 174 ممالک سے 3 لاکھ سے زائد لوگوں نے وزٹ کیا، ویب سائٹ عارضی طور پر کریش کرگئی، اب تک ایک لاکھ 25 ہزار فارم ڈاؤن لوڈ کیے جاچکے ہیں۔
مخالفین تو اسکیم پر شکوک کا اظہار کررہے ہیں مگر عمران خان کے دیوانوں کو یقین ہے کہ پچھلی کامیابیوں کی طرح عمران خان فلمی انداز میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر اور ملک کی تقدیر بدلنے کا بظاہر ناممکن مرحلہ بھی طے کرلیں گے۔