سوات کی ٹراؤٹ مچھلی کے فارموں میں امریکی نسل کی گولڈن ٹراؤٹ کی افزائش مکمل ہوگئی۔ فارم والوں نے گولڈن ٹراؤٹ کی فروخت شروع کردی۔ اس سے پہلے سوات، چترال، کاغان اور کمراٹ میں سیاہ رنگ کی ریمبو نامی ٹراؤٹ مچھلی کی افزائش ہوتی تھی۔ ایک فش فارم کے مالک عثمان علی نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ گولڈن ٹراوٹ کی نسل امریکہ سے آئی ہے۔ اس کی تین سال افزائش کی گئی جس کے بعد یہ اب فروخت کے لئے تیار ہے۔ ریمبو ٹراوٹ کی افزائش ڈیڑھ سال میں ہوتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گولڈن ٹراوٹ کی افزائش آہستہ ہوتی ہے جس کی وجہ سے اس کا ذائقہ ریمبو ٹراوٹ سے زیادہ ہوتا ہے۔ اس وقت سوات میں ایک کلو گولڈن ٹراؤٹ کی قیمت 3500 روپے اور ریمبو ٹراؤٹ کی ایک کلو قیمت 2000 روپے ہے۔ ٹراوٹ فارم ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ سیلاب سے پہلے سوات میں چار سو سے زائد ٹراوٹ فارم تھے، جو سیلاب میں بہہ گئے تھے۔ اب 14 فارم باقی ہیں۔