تحریر: سلیمان ایس این
ضلع سوات کے لیے آج ایک فخر کا لمحہ ہے، کیونکہ ملاکنڈ ڈویژن کے یتیم بچوں اور بچیوں کے لیے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایک ایسا ادارہ قائم کیا گیا ہے جو نہ صرف ان کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دے گا بلکہ انہیں عزت، وقار اور پیشہ ورانہ مستقبل کی راہ بھی دکھائے گا۔
ہم بات کر رہے ہیں صوبہ خیبر پختون نخوا کے سب سے بڑے یتیم بچوں کے ادارہ خپل کور فاونڈیشن کے زیر انتظام”خپل کور نرسنگ اینڈ ہیلتھ سائنسز کالج، سوات” کی، جو اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد ادارہ ہے، جس میں یتیم بچوں اور بچیوں کو پروفیشنل نرسنگ اور ہیلتھ ایجوکیشن کی اعلیٰ تعلیم دی جائے گی۔ اس عظیم منصوبے کے تحت 60 فیصد نشستیں یتیم بچوں کے لیے مخصوص کی گئی ہیں، جبکہ 40 فیصد نشستیں پرائیویٹ طلبہ کے لیے رکھی گئی ہیں، تاکہ دونوں طبقات ایک دوسرے سے سیکھیں اور معاشرے کی خدمت کے لیے تیار ہوں۔
یہ چراغ جل رہے ہیں امید کے سہارے
اندھیروں میں بھی روشنی کا رستہ نکالیں گے
خپل کور فاؤنڈیشن نے سوات مینگورہ میں 1996 میں صرف ایک کمرے اور پانچ یتیم بچوں سے اپنی خدمات کا آغاز کیا۔ آج، یہ ادارہ ایک جامع تعلیمی، تربیتی، اور فلاحی ادارہ کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ یہ سفر قربانی، خلوص، محنت اور عزم کی ایک شاندار مثال ہے۔
ڈائریکٹر خپل کور حاجی محمد علی کا کہنا ہے کہ مجھے بہت اطمینان اور سکون ملتا کہ آج فاؤنڈیشن کے سینکڑوں طلباء و طالبات ڈاکٹر، انجینئر، وکیل، استاد اور دیگر شعبوں سے وابستہ ہو کر ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔ ان میں سے اکثر اپنے خاندان، اور خاص طور پر اپنی ماں کا سہارا بن چکے ہیں۔ یہ بچے وہی ہیں جن کے پاس کبھی تعلیم ،اچھی خوراک،رہائش کے مواقع نہیں تھے، لیکن آج وہ کامیابی کی بلندیاں چھو رہے ہیں۔
جن کے مقدر میں نہ ہو روشنی کا خواب
ہم نے ان کے لیے سورج اُگانے ہیں
آپ خود بھی "خپل کور نرسنگ اینڈ ہیلتھ سائنسز کالج” گلکدہ نمبر 3، شیراڑئی، سوات میں قائم شدہ اس عظیم الشان عمارت کا دورہ کر کے وہاں موجود تمام سہولیات کا بخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں۔ کالج میں جدید لیبارٹریز، ڈیجیٹل کلاس رومز، اسکل لیب، لائبریری اور دیگر تعلیمی سہولیات موجود ہیں جو کسی بھی معیاری نرسنگ کالج سے کم نہیں۔
کبھی کسی یتیم کے آنسو پونچھ کر دیکھو
خدا کی رحمتوں کو زمین پر اُترتا پاؤ گے
حاجی محمد علی کا کہنا ہے کہ ہم دل کی گہرائیوں سے حکومت خیبرپختونخوا،سابق وزیر اعلی محمود خان، مخیر حضرات، ادارے کے سپورٹرز، اور اپنی انتھک ٹیم کے مشکور ہیں جنہوں نے یہ خواب حقیقت میں بدلا۔
ناظرین آئیں، اس مشن کا حصہ بنیں اور ان بچوں کے لیے امید کی ایک نئی روشنی بنیں، جن کے سر سے والدین کا سایہ اٹھ چکا ہے، لیکن جن کے دلوں میں کچھ کر دکھانے کا جذبہ آج بھی زندہ ہے۔
نوٹ:خپل کور نرسنگ اینڈ ہیلتھ سائنسز کالج میں کلاسز کا باقاعدہ آغاز ستمبر 2025 سے ہوگا۔
پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سوات میں ملاکنڈ ڈویژن کے یتیم بچوں کے لیے تاریخ ساز قدم
