سوات : پاکستان بوائے سکاوٹس ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام 30ویں نیشنل ہائیک کا شاندار اور کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کے تمام صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے 95 ہائیکرز نے شرکت کی۔قومی ہائیک 11 جولائی کو کمراٹ سے شروع ہوکر تھل، کمراٹ، باڈگوئی ٹاپ اور شاہی باغ سے ہوتا ہوا اتروڑ پر اختتام پذیر ہوا۔اس نیشنل ہائیک کی قیادت سوات کے فرزند سلیم احسن (پاکستان نیشنل ہائیک ٹیم) نے بطور ہائیک لیڈر کی، جبکہ گروپ لیڈر کے فرائض سوات سکاوٹس اوپن گروپ نے انجام دیے۔قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اس ہائیک میں چار خواتین ہائیکرز کے ساتھ ساتھ 55 سال عمر کے 6 تجربہ کار نیشنل ہائیکرز نے بھی حصہ لیا، جو نوجوانوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر شریکِ سفر رہے۔ہائیک کے اختتام پر 17 جولائی بروز بدھ کو مینگورہ میں خپل کور ماڈل سکول اینڈ کالج میں ایک پروقار اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکاء کو اس قومی مہم کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی گئی۔ تقریب میں معزز مہمانوں، سول سوسائٹی، والدین، اور میڈیا نمائندگان نے بھی شرکت کی۔اختتامی تقریب میں مقررین نے کہا کہ سکاوٹس ہائیک جیسے پروگرام نہ صرف جسمانی صحت و برداشت کو فروغ دیتے ہیں بلکہ نوجوانوں میں حب الوطنی، قیادت، اور باہمی بھائی چارے کے جذبات بھی پیدا کرتے ہیں۔
سوات میں پاکستان بوائے سکاوٹس کے 30ویں نیشنل ہائیک کا کامیاب انعقاد ، ملک بھر سے 95 ہائیکرز کی شرکت
