ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا پولیس نے دہشتگردوں کیخلاف اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا، یہ اقدام موثر کارروائیوں کی صلاحیت بڑھانے کے لیے کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس نے دہشتگردوں کیخلاف اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، اس حوالے سے سینٹرل پولیس آفس پشاور کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ اقدام صوبے میں دہشتگردی کے خلاف موثر کارروائیوں کی صلاحیت بڑھانے کے لیے کیا گیا ہے۔
بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران پہلی بار اینٹی ڈرون گن کو استعمال کیا گیا، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے، یہ گن پشاور سے بنوں پولیس کو فراہم کی گئی ہے، جسے دہشتگردوں کی نقل و حرکت اور ممکنہ ڈرون حملوں کو روکنے کے لیے استعمال کیا گیا۔
اس کے ساتھ ہی مزید بتایا گیا کہ اینٹی ڈرون سسٹم خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع کو بھی فراہم کیا جا رہا ہے، تاکہ ان علاقوں میں بھی دہشتگردوں کے خلاف جاری کارروائیوں میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بہتری لائی جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ اقدام نہ صرف موجودہ سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے میں مدد دے گا بلکہ دہشتگردوں کی جدید حربوں کا توڑ کرنے میں بھی اہم ثابت ہوگا، اس کے ساتھ ہی دہشتگردوں کی کارروائیوں کو بھی روکا جا سکے گا اور ان کے خلاف اقدامات میں تیزی لائی جا سکے گی۔
خیبرپختونخوا پولیس نے دہشتگردوں کیخلاف اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا
