اسلام آباد: سوشل میڈیا پر دولت کی نمود و نمائش کرنے والے امیر افراد ایف بی آر کے ریڈار پر آگئے۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی خصوصی ٹیم نے شاہانہ لائف سٹائل رکھنے والے ایک لاکھ سے زائد افراد کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بڑے بڑے بنگلوں، مہنگی گاڑیوں، زیورات اور شادیوں پر شاہانہ اخراجات کی نمائش کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق شادیوں پر20،20 ہزار ڈالر مالیت کے سوٹ استعمال کیے جا رہے ہیں جبکہ انکم ٹیکس گوشواروں میں یہ طرزِ زندگی ظاہر نہیں کیا گیا۔ ایسے افراد کو ٹیکس ریٹرن کے ذریعے ذرائع آمدن بتانا پڑیں گے، بصورت دیگر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کے مطابق اس سال جمع کرائے جانے والے گوشواروں کا موازنہ گزشتہ سال کے گوشواروں سے کیا جائے گا اور 80 فیصد ریٹرنز کا آڈٹ کیا جائے گا۔ ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ ٹیکس گوشواروں میں اپ ڈیٹڈ معلومات دینے والوں کو فی الحال کچھ نہیں کہا جائے گا لیکن دولت چھپانے والوں کو رعایت نہیں ملے گی۔















