کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین کے حوالے سے پہلے یہ سوال پوچھا جاتا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری شادی کب کریں گے؟ لیکن اب انہوں نے خود ہی ایک اور انکشاف کر دیا ہے کہ اس بات غور ہو رہا ہے کہ وہ ایک شادی کریں یا ان کو4شادیاں کرنی چاہیے۔ کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس میں ایک صحافی نے پی پی پی کے سربراہ سے سوال کیا کہ انتخابات سے قبل شادی کریں گے، یا وزیراعظم بننے کے بعد شادی ہوگی۔ صحافی کے سوال پر بلاول بھٹو زردای نے ازراہ تفنن کہا کہ اس پر تفصیلی اور جامع منصوبہ بندی کے اجلاس ہو رہے ہیں اور باقاعدہ تاریخ مقرر کرنے کی حکمت عملی طے ہو رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ یہ طے کیا جا رہا ہے کہ ہم انتخابات سے قبل شادی کریں، یا انتخابات کے بعد شادی ہو، یا پھر انتخابی مہم کے دوران شادی کر لی جائے۔ شادی کے حوالے سے پی پی پی کے چیئرمین کی گفتگو پر تقریب میں موجود افراد نے بھر پور قہقہے لگائے، تاہم بلاول نے اپنی بات جاری رکھی۔ بلاول نے شادی کے حوالے سے سیاست کو مزید شامل کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ یہ بھی طے کیا جا رہا ہے کہ میں ایک شادی کروں یا چار صوبے ہیں، تو ہر صوبے سے ایک بیوی ہونی چاہیے۔ ازراہ مذاق وہ یہ بھی کہہ گئے کہ یہ بات بھی زیر غور ہے کہ ان 4 شادیوں کا سیاست پر کیا اثر پڑے گا اور جب اس حوالے سے رپورٹ بن جائے گی، تو سب کو مطلع کر دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ بلاول بھٹو زرداری کی شادی کے حوالے سے سوال پوچھا گیا ہو، پہلے بھی کئی بار اس حوالے سے بات ہوتی رہی ہے۔ ایک بار 2016 میں ان سے سوال کیا گیا تھا کہ آپ کو شادی کی بھی کوئی پیشکش ہے؟ تو بلاول نے جواب دیا تھا کہ ان کو شادی کی بہت ساری پیشکشیں ہیں، تاہم رشتہ اسی کا ہو سکے گا، جو ان کی بہنوں کو راضی کر لے۔
چار صوبے ہیں، ہر صوبے سے ایک بیوی ہونی چاہیے,بلاول
