سوات(مارننگ پوسٹ ) تحصیل بریکوٹ میں پی ٹی سی ایل صارفین ٹیلی فون کے ماہانہ بل بر وقت نہ ملنے کی وجہ سے ذہنی عذاب میں مبتلا ہو چکے ہیں‘محکمے کی طرف سے ہر ماہ کی13تاریخ کو بل ٹی سی ایس کو دئیے جانے کے باوجوداکثریت صارفین کو یہ بل آخری تاریخ کے بعد یا ایک دو روز قبل ملتے ہیں جس کی وجہ سے اکثر انہیں لیٹ چارجز کے ساتھ یہ بل جمع کرانے پڑتے ہیں جو اگلے ماہ کے بل میں دوبارہ لگ کے آ جاتے ہیں اور صارف بنک اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے درمیان فٹ بال بن کے رہ جاتا ہے‘ پی ٹی سی ایل ہر ماہ کی13تاریخ کو اپنے صارفین کو جو بل جاری کرتا ہے وہ تقسیم کرنے کے لئے ٹی سی ایس کے سپرد کرتا ہے جو پی ٹی سی ایل سے ماہانہ فی بل27روپے وصول کرتا ہے جو مجموعی طور پر 4لاکھ 86ہزار روپے ماہانہ بنتی ہے مگر اتنی خطیر رقم وصول کرنے کے باوجود ٹی سی ایس پی ٹی سی ایل کے صارفین کو انکے ماہانہ بل بروقت تقسیم کرنے میں مکمل ناکام رہا ہے‘ جس پر صارفین نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل انتظامیہ سے بلوں کی بروقت ترسیل کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ‘ حالانکہ قانون کے تحت صارفین کو تاریخ ادائیگی سے یہ بل15روز قبل مل جانے چاہئیں‘صارفین نے سوات کے متعلقہ حکام اور چیئرمین پاکستان ٹیلی کیمونی کیشن اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیں۔