پشاور:ملک میں ٹماٹر کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں اور وزراء قوم کواس حوالے سے نت نئے مشورے دے رہیں۔خیبرپختونخوا کے وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی نے دہی کے استعمال کو ٹماٹر بحران کا حل قرار دے دیا ہے۔ایک ویڈیو بیان میں شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ٹماٹر کی جگہ دہی کا استعمال کیا جائے، عوام مہنگا ٹماٹر نہ خریدیں قیمتیں خود بخود نیچے آجائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ٹماٹرکی قیمت اس لیے بڑھی کہ کچھ لوگوں نے ذخیرہ اندوزی کی جبکہ سندھ میں ژالہ باری کے باعث ٹماٹر تباہ ہوئے ہیں اور کچھ ہی دن میں مالاکنڈ کے ٹماٹر مارکیٹ میں پہنچنے کے بعد قیمتیں کم ہوجائیں گی۔ان کا کہنا ہے کہ ہمارے لوگ مرغی مہنگی ہونے کی شکایت کرتے ہیں لیکن پھر بھی مرغی خریدتے ہیں، اگر لوگ مرغی کا گوشت کھانا چھوڑ دیں تو قیمتیں خود بخود کم ہوجائیں گی۔