پشاور() صوبائی حکومت نے صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی سربراہی میں دس رکنی اعلیٰ سطح ٹاسک فورس قائم کردی، وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری شدہ اعلامیہ کے مطابق ٹاسک فورس کے ارکان میں سینئر صوبائی وزیر سپورٹس و سیاحت عاطف خان ، صوبائی وزیر سی اینڈ ڈبلیو اکبر ایوب خان ، صوبائی وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ ، صوبائی وزیر قانون بیرسٹر سلطان محمد خان اور چیف سیکرٹری کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز شامل ہونگے۔ ٹاسک فورس صوبے میں سیاحت کے فروغ ، درپیش مسائل اور نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی کریگی جبکہ سیاحتی مقامات تک سیاحوں کی رسائی اور سیاحتی مقامات کی تعمیر کی پالیسی بھی دے گی۔ سینئر صوبائی وزیر کھیل وسیاحت عاطف خان کے مطابق ٹاسک فورس صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے جلدہی سفارشات تیار کرنے کا سلسلہ شروع کردے گی ان کا کہنا تھاکہ صوبے میں سیاحت کو انڈسٹری کا درجہ دینے کا آغاز کردیا ہے اور اسی مقصد کے لئے ٹاسک فورس قائم کی ہے ۔
سیاحت کے فروغ کے لئے وزیر اعلیٰ محمود خان کی سربراہی میں ٹاسک فورس قائم
