خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں سیاحتی صنعت کو ترویج دینے اور اس سے منافع حاصل کرنے کیلئے صوبے میں 227مقامات کی نشاندہی کر لی ہے جن میں 66مقامات ہزارہ ڈویژن، 119مالاکنڈ ڈویژن جبکہ 42مقامات کی نشاندہی حال ہی میں صوبے میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع میں کی گئی ہے ان مقامات میں سے 20کو آئندہ 5 سالوں کے دوران سیاحت کیلئے موزوں بنایا جائے گا ۔ محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا کی جانب سے تیار کئے گئے فریم ورک کے مطابق سیاحتی مقام کے طور پر دو ڈویژنز مالاکنڈ اور ہزارہ میں مجموعی طور پر 184مقامات کی نشاندہی کر لی گئی ہے جبکہ قبائلی اضلاع باجوڑ میں 7، خیبر میں 4، کرم میں 3، مہمند میں 7، شمالی وزیرستان میں 9، جنوبی وزیرستان میں 8اور اورکزئی میں 4مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ فریم ورک کے مطابق ان سیاحتی مقامات پر سڑکوں کی تعمیر، بجلی کی بلاتعطل فراہمی اور سکیورٹی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی اسی طرح ان مقامات پر صفائی کیلئے محکمہ بلدیات، صحت کی سہولیات کیلئے محکمہ صحت،سکیورٹی کیلئے پولیس جبکہ بجلی، گیس اور موبائل فون سگنل کی سہولیات کیلئے ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے خدمات لی جائیں گی۔سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے چیئر لفٹ، پانی کے کھیلوں، ٹینٹ ویلج اور بیس کیمپ کی طرز پر مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کرایا جائے گا۔صوبائی حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کی خدمات بھی لے گی جبکہ حکومتی ذمہ داریوں کو تین کڑیوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔وفاقی حکومت غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرنے، صوبے کا مثبت تاثر ابھارنے اور ٹیکسیشن کے نظام کو آسان کرنے کیلئے اقدامات کرے گی صوبائی حکومت سیاحوں کی رہنمائی اور سیاحتی مقامات پر سہولیات کی فراہمی کرے گی جبکہ مقامی حکومتوں کے ذمہ صفائی کے انتظامات، ہوٹل اور ریسٹورنٹس کی فراہمی، ریسٹ ہائوسز کے قیام،بچوں کے پارک کے قیام کے ساتھ ساتھ سیاحتی مقامات کی بہتری کیلئے اقدامات کریں گے۔ محکمہ سیاحت پہلے سے موجود سیاحتی مقامات کی بہتری کیلئے بھی اقدمات کریگی جن میں 6وادیوں چترال، کاغان، کالام، کمراٹ اور سوات، 10جھیلوں آنسو، درال، دودی پت سر، کنڈول، مہوڈھنڈ، جبہ زومولو، کٹورہ، سیف الملوک، لولوسر اور پیالہ ، قومی پارکس کی حیثیت سے بروغل نیشنل پارک، چترال نیشنل پارک، لولوسر ڈوڈی پٹسر نیشنل پارک، سیف الملوک نیشنل پارک اور شیخ بہائوالدین نیشنل پارک جبکہ تاریخی مقامات میں قلعہ بالا حصار، چترال فورٹ، مسجد مہابت خان، کافر کوٹ، خیبر پاس اور تخت بھائی شامل ہیں ۔فریم ورک کے مطابق حکومت کے پہلے 100روز میں 4مقامات پر کام شروع کیا جائے گا ہر سال 4مقامات تیار کئے جائیںگے اور 5سالوں کے دوران مجموعی طور پر 20مقامات کو سیاحت کیلئے تیار کیا جائے گا۔
محکمہ سیاحت کا پہلے سے موجود وادیوں اور جھیلوں سوات،مہوڈنڈ سمیت 16 مقامات کیلئے اہم اقدامات
