وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکے مشیر برائے توانائی حمایت اللہ خان نے کہاہے کہ خیبرپختونخوامیں توانائی کے جاری منصوبوں میں بلاوجہ تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ضلع سوات میں84میگاواٹ کے گورکین مٹلتان ہائیڈروپاور پراجیکٹ پرتعمیراتی کام کی تاخیرپر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے پر کام کرنیوالے ٹھیکہ داراور کنسلٹنٹ کو مذکورہ منصوبہ ہرحال میںآئندہ 2سال کے اندر مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔اسی طرح توانائی کے دیگرجاری منصوبوں پرکام کرنیوالے پراجیکٹ ڈائریکٹرزکوبھی سختی سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے منصوبے کی سائٹ پراپنی حاضری24 گھنٹے ممکن بنائیں اورمنصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرلیں کیونکہ بلاوجہ تاخیرکی ذمہ داری متعلقہ منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹرپر عائد ہوگی۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے پیڈوہائوس میں پن بجلی کے جاری توانائی منصوبوں پر کام کی رفتارکے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سابق چیف انجینئرواپڈاسردارمحمدطارق،سیکرٹری توانائی محمدسلیم خان،چیف ایگزیکٹوپیڈوانجینئرذین اللہ شاہ ،جی ایم ہائیڈل بہادرشاہ اورتمام پراجیکٹ ڈائریکٹرزنے شرکت کی۔اجلاس میںضلع سوات میںزیرتعمیر84میگاواٹ گورکین مٹلتان ہائیڈروپاورپراجیکٹ کی تاخیر پر سخت مایوسی کا اظہارکیا گیا اورمنصوبے کے لینڈ اورسکیورٹی مسائل ایک ہفتے کے اندر حل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں ۔اجلاس میں ضلع مانسہرہ میں 10.2میگاواٹ جبوڑی ہائیڈروپاورپراجیکٹ میں ٹاورزکی تنصیب کی تاخیر پر تشویش ظاہر کی گئی اورمنصوبہ اپریل2019تک مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں،ضلع شانگلہ میں 11.8میگاواٹ کروڑہ ہائیڈروپاورپراجیکٹ کوجولائی 2019میں ہرصورت مکمل کیا جائے،جبکہ ضلع چترال میں69میگاواٹ لاوی ہائیڈروپاوررپراجیکٹ کو بھی مقررہ مدت نومبر2021تک مکمل کرنے کے لئے تمام ترتوانائیاں صرف کی جائیں۔ اجلاس میں مشیرتوانائی حمایت اللہ خان نے تمام پراجیکٹ ڈائریکٹرزکو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ وہ پراجیکٹ سائٹ پر ہمہ وقت اپنی موجودگی یقینی بنائیں اورمتعلقہ پراجیکٹ ہرصورت میں مقررہ مدت میں مکمل کریں،انہوں نے مختلف پراجیکٹ کوفنڈزکی ادائیگی فوری طورپر کرنے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے محکمہ توانائی کے حکام کوہدایت کی کہ وہ ہرمنصوبے کے معاہدے کے مطابق کام کی رفتارکاہفتہ وارجائزہ لے کرمانیٹرنگ کریں اوربلاوجہ تاخیر پر پراجیکٹ ڈائریکٹرز،ٹھیکہ داراور کنسلٹنٹ کو جرمانہ کریںکیونکہ تاخیرسے صوبے کو سالانہ اربوں کا نقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔
سوات 84 میگاواٹ گورکین مٹلتان ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 2 سال کے اندر ہر حال میں مکمل کرنے کی ہدایت
