سوات(مارننگ پوسٹ)سوات پولیس دکھی انسانیت کی خدمت میں اپنا حصہ ڈالتی رہے گی، تھیلی سیمیا آگاہی مہم میں الفجر فاؤنڈیشن کے ساتھ رہیں گے، سید اشفاق نور ۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او سوات نے الفجر فاؤنڈیشن کے ایک وفد سے ملاقات میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوات پولیس دکھی انسانیت کی خدمت میں اپنا حصہ ڈالتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تھیلی سیمیا آگاہی مہم میں ہم الفجر فاؤنڈیشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر الفجر فاؤنڈیشن سوات نے ٹریفک پولیس وارڈنز کے لیے تیار کیے گئے جیکٹ ڈی پی او سوات کے حوالے کر دئیے۔ الفجر فاؤنڈیشن کے کوآر ڈی نیٹر شکیل احمد اور ایڈمنسٹریٹر رحمان علی ساحل بھی موجود تھے۔ ڈی پی او سوات سید اشفاق انور نے الفجر کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹریفک وارڈنز جب ان جیکٹوں کو پہنیں گے، تو عوام میں تھیلی سیمیا جیسے موذی مرض کے خلاف آگاہی پیدا ہوگی۔ شکیل احمد نے ڈی پی او سوات کو آگاہ کیا کہ سالانہ سوات پولیس الفجر فاؤنڈیشن کو خون عطیہ کرتی ہے جس سے ننھی کلیاں مرجھانے سے رہ جاتی ہیں۔ ڈی پی او سوات نے الفجر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے آئندہ بھی ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
سوات پولیس دکھی انسانیت کی خدمت میں اپنا حصہ ڈالتی رہے گی،ڈی پی او سوات
