پشاور( )عالمی بینک نے خیبر پختونخوا میں سیاحتی مقامات بہتر بنانے، تاریخی عمارتوں کی دیکھ بھال اور سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے کیلئے خیبر پختونخوا حکومت کو 13ارب روپے سے زائد کا قرضہ دینے کی منظوری دے دی ہے عالمی بینک قرضہ آسان شرائط پر فراہم کرے گا۔ذرائع کے مطابق محکمہ سیاحت نے آئندہ چار سالہ منصوبہ کے تحت صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے عالمی بینک سے 5ارب 80کروڑ روپے کا قرض مانگا تھا تاہم عالمی بینک کی جانب سے سیاحت کیلئے کئی دیگر امور میں سرمایہ کاری کرنے دلچسپی کا اظہار کیا گیا جس کے بعد محکمہ سیاحت نے منصوبے کا حجم 55ملین ڈالر سے بڑھا کر 100ملین ڈالر کردیامنصوبے کے تحت سیاحتی مقامات کی سڑکوں کے ساتھ ہوٹلوں کی تعمیر و مرمت اور بنیادی ضروریات کی فراہمی ، سیاحتی مقامات پر موجود تاریخی عمارتیں اور آثارقدیمہ کے مقامات کی دیکھ بھال ، مقامی آبادی کو مالی طور پر خود مختیار کرنے اور انہیں اپنا چھوٹا کاروبار شروع کرنے سمیت دیگر کئی امور میں 13ارب روپے سے زائد خرچ کئے جائیں گے ۔منصوبے کے تحت سیاحت کے فروغ کیلئے مالاکنڈ ڈویژن میں اتھارٹی قائم کی جائیگی جو تمام سیاحتی مقامات کی دیکھ بھال کرے گی مالاکنڈ کے ساتھ ساتھ ایک اتھارٹی گلیات اورایک کاغان ناران میں قائم کی جائیگی ۔ گلیات کی سیاحتی اتھارٹی گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مل کر کام کریگی ۔منصوبے کے تحت مقامی آبادی کو اس قابل بنایا جائیگا کہ سیاحوں کو ہوٹل اور ریسٹورنٹس کی ضرورت نہ پڑے اور وہ خود سیاحوں کی میزبانی کریں اسی طرح پختون ثقافت کو فروغ دیتے ہوئے حجرے قائم کئے جائیں گے ۔ان سیاحتی مقامات پر موجود تمام ایسی عمارتیں جو 100سال سے زائد پرانی ہیں انہیں آثار قدیمہ کا درجہ دیتے ہوئے ان کی دیکھ بھال بھی کیا جائیگی اور انہیں سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے بروئے کار لایا جائیگا۔ذرائع کے مطابق عالمی بینک کی جانب سے قرضے کی فراہمی کی منظوری دے دی گئی ہے اور جلد ہی قرضہ کی پہلی قسط بھی صوبائی حکومت کو وصول ہو جائیگی۔