سوات(مارننگ پوسٹ)پختونخوا ریڈیو سوات سنٹر کا قیام صوبائی حکومت کا احسن اقدام ہے اس سے نہ صرف ہماری آواز لوگوں تک پہنچنے لگی ہے بلکہ صحافت کو بھی فروغ ملا ہے اور مزید بہتری کی توقع بھی ہے ان خیالات کا اظہار خاتون ضلعی کونسلر اورپبلک سیفٹی کمیشن کی ممبر میڈم نسیم اختر نے پختونخوا ریڈیو کے پروگرام’’ دسوات رنگونہ‘‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ وہ خواتین کے حقوق کیلئے عرصہ دراز سے آواز اٹھاتی چلی آرہی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج خواتین اپنے حق کیلئے آواز اٹھانے کے ساتھ ساتھ حقوق حاصل کر بھی رہی ہیں انہوں نے کہا کہ خواتین کے بغیر معاشرہ نامکمل ہے جنت کی حوریں بھی خواتین ہونگی دنیا میں بھی اس کے بغیر گھر چلانا بھی مشکل ہوجاتا ہے لیکن وراثت میں حصہ دینا مشکل ہوجاتا ہے ہماری مقننہ اور عدلیہ سمیت پورے اسلامی معاشرے کو چاہیئے کہ خاتون کو بھی وراثت میں حصہ دیا جائے نسیم اختر نے کہا کہ انہوں نے ترقیاتی سکیموں کے علاوہ مختلف سانحات خصوصاً قدرتی آفات میں بہت کام کیا ہے اور مختلف علاقوں میں بروقت لوگوں کی خدمت کیلئے پہنچ کر ان کی داد رسی کی ہے اس کے ساتھ سکولوں میں بچوں کیلئے بھی کافی کام کیا ہے تعلیمی اداروں میں صاف پانی کی فراہمی سمیت سکول بیگز اور کتب بھی اپنے فنڈ ز سے فراہم کئے ہیں انہوں نے کہا کہ خواتین کو چاہیئے کہ مردوں کے شانہ بشانہ تمام شعبوں میں کام کریں اور سیاست میں بھی حصہ لیں کیونکہ بیشتر اوقات خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے مقرر فنڈز دیگر سکیموں میں لگ جاتے ہیں اس کیلئے ضروری ہے کہ خاتون ہر اسمبلی اور کونسل میں موجود ہوں اور اس پر بحث کرنے سمیت وہ فنڈ خواتین کے فلاح و بہبود پر خرچ کریں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی سطح پر وہ ہمیشہ خواتین کے حقوق اور سہولیات میں اضافے کیلئے کوشاں رہنے کے علاوہ پبلک سیفٹی کمیشن کے پلیٹ فارم سے بھی خواتین کی داد رسی میں فعال کردار ادا کرتی رہی ہیں انہوں نے مینگورہ شہر کے ٹریفک نظام پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ ٹریفک نظام مزید بھی بہتری کی طرف گامزن ہوگا ۔