سوات(مارننگ پوسٹ)چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ سوات کے عوام کی اچھی صحت انہیں اپنی اور اپنے اہل خاندان کی صحت سے زیادہ عزیز ہے اسلئے صحت اور علاج کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور یہاں کے لوگوں کو علاج کی وہی جدید سہولیات یقینی بنائی جائیں گی جو ملک کے بڑے شہروں کے عوام کو میسرہیں وہ سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال کے دورے کے موقع پر وہاں پر موجود مریضوں کے تیمار داروں اور عام لوگوں سے گفتگو کررہے تھے اس موقع پر چیئرمین ڈیڈیک کے ہمراہ چیف ایگزیکٹیوڈاکٹر اسرارالحق، ایم ایس ڈاکٹر ملک سعد اللہ خان، کیجولٹی انچارج طارق خان، او ٹی انچارج محمد ایاز، ڈی ایم ایس ڈاکٹر سلیم خان اور دیگر حکام بھی تھے فضل حکیم خان نے کہا کہ بار بار سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال کے دورے کا مقصدعوام کی مشکلات کو کم کرنا ہے نیز براہ راست لوگوں کے مسائل کے خاتمے کے علاوہ انہیں صحت کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ ریلیف اور سہولیات کی فراہمی بھی ہے انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ سب کو اس بات کا پابند بنائیں کوئی بھی ڈاکٹر، پیرامیڈیک یا دوسرا اہلکارمریضوں کے علاج میں کوتاہی نہ کرے اور برقت مریضوں کے علاج معالجہ کو یقینی بنائے انہوں نے کہا کہ میں عوام کی ایک ایک شکایت کو خود دیکھتاہوں اور اُن کے حل کیلئے متعلقہ محکمے کو ہدایت دے کر واپس رپورٹ لے رہاہوں انہوں نے کہا کہ عوام کی بے لوث کی خدمت اور تمام سرکاری محکموں کے وقار کو بحال کرنا ہمارا مشن ہے انہوں نے اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو اور ایم ایس کو ہدایت کی کہ غفلت برتنے اورعوام سے غلط رویہ اختیار کرنے والوں کیخلاف بلاامتیاز کاروائی عمل میں لائی جائے فضل حکیم خان نے مزید کہا کہ ہم ہر سطح پر میرٹ اور قانون کی بالادستی اور ترقیاتی فنڈز کا شفاف استعمال یقینی بنائیں گے ہم عوام کے پیسے کو بے دردی سے لوٹنے نہیں دینگے اور عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کرینگے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ایسی حکومت ہے جس میں امیر غریب سب برابر ہیں اور یہی طرز عمل کی توقع ہم اپنے سرکاری حکام اور حکومتی مشینری سے بھی رکھتے ہیں۔
سوات عوام کو علاج کی جدید سہولیات کی فراہمی یقینی بنائینگے ۔فضل حکیم
