سوات(مارننگ پوسٹ  ) سوات کبل علاقہ علی گرامہ میں تحریک انصاف کے رہنما کے ہوٹل پر چھاپا اور وہاں تین افراد سے چرس برآمد کرنے پر ڈی پی او سوات نے اے ایس آئی اور پولیس اہلکار کو معطل اور پولیس اہلکار کو کواٹر گارڈ میں بند کردیا۔ ڈی پی او سوات کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے جعلی ایف آئی آر درج کی تھی۔ گذشتہ رات پولیس اے ایس آئی انوار الحق اور سپاہی سعید الرحمان اس اطلاع پر کہ علی گرامہ میں ہوٹل کے ایک کمرے میں کچھ افراد چرس پی رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی انہوں نے جاکر تین افراد لعل فقیر سکنہ پشاور، واجد اور بہروز سکنہ بحرین کو چرس پیتے ہوئے گرفتار کرکے ان سے 95,95گرام چرس برآمد کرکے ملزمان کے خلاف تھانہ کبل میں ایف آئی آر نمبر 203درج کی۔صبح ملزمان کو اے سی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ان کو جرمانہ کرکے رہا کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ہوٹل کا مالک تحریک انصاف کا رہنما اور ایم این اے مراد سعید کا قریبی دوست ہے، جس کی وجہ سے ڈی پی او سوات نے دونوں اہلکاروں کو معطل کردیا اور ایک اہلکار کو کواٹر گارڈ میں بند کردیا۔ اس سلسلے میں ڈی پی او سوات کیپٹن (ر) واحد محمود نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ اس سلسلے میں جب ان کو شکایت ملی، تو انہوں نے اس کی انکوائیری کی۔ انکوائیری میں پولیس افسران نے ایف آئی آر کو غلط قرار دیا جس پر انہوں نے دونوں اہلکاروں کو چارج شیٹ جاری کی ہے۔ جواب ملنے اور انکوائیری مکمل ہونے پر دونوں اہلکاروں کو سزا سنائی جائے گی۔ انہوں نے ایم این اے مراد سعید یا تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے اس بارے سفارش کرنے کے دعوے کو مسترد کردیا۔