پشاور()وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان نے کہاہے کہ مودی سرکارکوجنگ کا بخار چڑھاہوا ہے جب انسان کو بخارہوجائے تو انجکشن یا میڈیسن کی ضرورت ہوتی ہے مودی کو ٹھیک ٹھاک انجکشن دے چکے ہیں،اب مودی ذراگزاراکریں کہیں ایسانہ ہوکہ انڈیاکانام ونشان مٹ جائے۔ پشاورمیں ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہاکہ بھارت میں مودی سرکار انتخابات جیتنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اترآئی تھی ،سکیورٹی فورسز نے بھارتی طیارہ گراکر ثابت کردیاکہ ملک کی سالمیت کیلئے سکیورٹی فورسزکسی بھی حدتک جاسکتی ہیں۔پوری قوم اپنی فورسزکے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ اس موقع پروزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ محکمہ ایکسائزاینڈٹیکسیشن کوگاڑیوں کی حوالگی سے کارکردگی مزیدبہترہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ آئس کے نشے میں مبتلاافرادکی تعدادمسلسل بڑھ رہی ہے ایکسائزحکام کی سفارشات پر عمل درآمد کرتے ہوئے آئس کے حوالے سے قانون سازی کی جارہی ہے اور اس کو آئندہ اسمبلی اجلاس میں پیش کیاجائے گا ۔ ان کامزیدکہناتھا کہ تمام اضلاع میں ٹیکس سہولت سنٹرزقائم کئے جائینگے تاکہ محکمے کی کارکردگی بہتر بنائی جاسکے۔انہوںنے ایکسائزاینڈٹیکسیشن کے ملازمین کی رہائش کے حوالے سے کمیٹی بنانے کابھی اعلان کیااورواضح کیاکہ ان کے سروس سٹرکچرکے حوالے سے بھی بہت جلد اعلان کیاجائیگا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوانے وعدہ کیاکہ پی ڈی اے سے 8کنال پلاٹ لیکر ایکسائزاینڈٹیکسیشن کا ویئرہائوس قائم کیاجائیگا۔اس موقع پر انہوں نے ایکسائزاینڈٹیکسیشن کی جانب سے13اضافی گاڑیاںصوبے کے مختلف یتیم خانوں کوحوالے کرنے کابھی اعلان کیا۔تقریب کے دوران سیکرٹری ایکسائزریاض محسودنے محکمے کی کارکردگی پر بریفنگ دی اور بتایاکہ گزشتہ سال محکمے نے تین ارب روپے کی ریکوری کی تھی جبکہ امسال یہ ریکور ی ڈبل ہوگی صوبے کو دونمبرگاڑیوں سے مکمل طورپرصاف کیاجائیگااورگاڑیوں کی دستاویزات کوایک کتابچے کے بجائے سمارٹ کارڈ کی شکل دی جائیگی انہوںنے کہاکہ اس وقت 37ایسی نشہ آوراشیاء ہیں جومنشیات توہیں لیکن قانون کے تحت انکاشمارمنشیات میں نہیں ہوتانئے قانون کے ذریعے ان تمام37اشیاء کو نشہ آوراشیا تصورکیاجائے گا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل آف پولیس، سیکرٹری داخلہ اور تمام محکموںاور اداروں کے سربراہان کو ایمر جنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں اورکہا ہے کہ ہسپتالوں میں 25% بیڈزایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے مختص کئے جائیں۔وزیراعلیٰ نے محکموں کو ہدایت کی کہ انتظامی اور آپریشنل سرگرمیوں کے لئے ہمہ وقت تیاررہیں۔علاوہ ازیںپشاور میں زمونگ کور کے حوالے سے اجلاس کی صدارت اور آزاد فائونڈیشن یو کے کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ایبٹ آباد ، ڈی آئی خان، اور سوات میں زمونگ کور کے کیمپس کھولنے کی منظوری دی ہے ۔ انہوںنے پشاور میں بچیوں کیلئے بھی زمونگ کور کا علیحدہ کیمپس قائم کرنے کی منظوری دی ۔ انہوںنے زمونگ کور کے مذکورہ چار کیمپس کے قیام کیلئے پہلے سے دستیاب عمارتوں یا زمین کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ زمونگ کور پراجیکٹ کو مضبوط کرنے اور اسے توسیع دینے کے حوالے سے صوبائی حکومت کے منصوبے کا نقطہ آغاز ہے ۔ مستقبل میں اسے دیگر اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی ۔ وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی ،وزیر مواصلات اکبر ایوب اور سیکرٹری سوشل ویلفیئر اور پی ڈی زمونگ کور بھی اس موقع پر موجود تھے ۔اس موقع پر فائونڈ یشن کے وفد نے سٹیٹ چلڈرن کی بحالی بشمول اُن کی دیکھ بھال ، تعلیم اور اُنہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔فائونڈیشن نے اس موقع پر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا کے ساتھ ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط بھی کئے جو قانون سازی کیلئے صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
مودی سرکارکوجنگ کا بخار چڑھاہواتھا ٹھیک ٹھاک انجکشن لگا دیا،محمودخان
