سوات (مارننگ پوسٹ ) خیبر پختونخواء ہیلتھ کیئر کمیشن نے سواڑی،ناواگئی،آگاری اور چنگلی بونیر کے مختلف علاقوں میں جاری کارروائی کے دوران گزشتہ رو زمیں 7عطائیوں کے اڈے سیل کر کے ان کے خلاف مزید کارروائی کا آغازکر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواء ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم نے سنیئر انسپکٹر سعید الرحمان کی قیادت میں عطائیوں کے جن 7اڈوں کوبند کیاہے ان میں دو ایلوپیتھی عطائی، پانچ جعلی دندان سازشامل ہیں۔ جن ایلوپیتھی اڈوں کو بند کیا گیا ان میں اشفاق اختر کلینک،درالشفاء میٹرینٹی ہوم، مسکین کلینک،لقمان ڈینٹل کلینک‘ احسان ڈینٹل کلینک ‘ایم کے ڈینٹل کلینک‘ درالشفاء ڈینٹل کلینک سربمہر کیا گیا ہے۔ان اڈوں پر جب چھاپہ مارا تو وہاں پر نہ تو مطلوبہ طبی سہولتیں دستیاب تھیں اور نہ ہی مستند ڈاکٹر اور عملہ موجود تھا،مسکین نامی میل نرس نے خود کو ڈاکٹر ثابت کرنے کی سرتوڑ کوشیش کی مگر وہ مطلوبہ دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہا جبکہ مس ماروی نامی خاتون اپنا ایل ایچ وی ہونا بھی ثابت نہ کرسکی، چھاپوں کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ہیلتھ ٹیکنیشن کلینک سجاکرمریضوں کو ادویات تجویز کرکے انہیں انجکشن لگارہا تھا اور عطائی مریضوں کے دانتوں کا علاج کے نام پر مال بٹور رہے تھے۔ ترجمان خیبر پختونخواء ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق ہمارے معاشرے کی بد قسمتی ہے کہ ہم جان سے کھیلنے سے بھی باز نہیں آتے ۔