پشاور() پانی کے بے دریغ استعمال کو روکنے کیلئے پشاور میں واٹر میٹر کی تنصیب شروع کر دی گئی ۔ تجرباتی بنیادوں پر گلبرگ میں مشروبات بنانے کے کارخانے میں میٹر نصب کیا گیا ہے جس کے بعد اسے کمرشل صارفین کیلئے نصب کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسزپشاور کی جانب سے پشاور کے تمام صارفین کیلئے واٹر میٹر نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم ابتدائی طور پر صرف کمرشل صارفین کیلئے میٹر نصب کئے جائیں گے ڈبلیو ایس ایس پی ذرائع کے مطابق میٹر کو تجرباتی بنیادوں پر گلبرگ میں قائم مشروبات کے کارخانے میں نصب کیا گیاہے جس کی رپورٹ آنے کے بعد پشاور کے تمام کمرشل صارفین کیلئے میٹر نصب کرنے کا عمل شروع کیا جائیگا میٹر کی قیمت صارفین سے وصول کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے جبکہ میٹرز کی تنصیب کیلئے منصوبہ کی تیاری بھی جلد شروع کی جائیگی ۔حکام کے مطابق اس اقدام سے پانی کے بے دریغ استعمال کو روکنے میں مدد ملے گی واضح رہے کہ ڈبلیو ایس ایس پی نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ایک روپے فی لیٹر مشروبات کی کمپنیوں سے وصول کرنے کی منظوری دی ہے جبکہ کمرشل صارفین کیلئے بھی ریٹس رواں برس منظور کئے جائیں گے۔