سوات(مارننگ پوسٹ)چیئرمین ڈیڈیک فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ ہم سب کی اولین ذمہ داری بنتی ہے کہ ملک سے کرپشن اور اقرباء پروری کا ناسور ختم کرنے کیلئے منظم جہاد کریں اور آنے والی نسلوں کے بہترین اور خوشحال مستقبل کیلئے بد عنوان افسران و اہلکاران کو بے نقاب کریں تاکہ پاکستان ترقی کے سفر پر گامزن رہے وہ اپنے حجرہ مکان باغ میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے گفتگوکررہے تھے فضل حکیم خان نے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات کے بعد حلقہ پی کے5میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگیا ہے لوگوں سے کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ عوام جان چکے ہیں کہ عوام کی ہمدردیاں لینے کیلئے صرف چیخ و پکار کرنے والے کون لوگ ہیں اور کس مقصد کیلئے عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن وہ کوئی بھی ہو یہ ضرور جان لیں کہ ہمیں اپنے قائد وزیراعظم عمران خان کے منشور کے مطابق چلنا ہے اور عوام دوست ماحول میں لوگوں کی فلاح وبہبود کیلئے دن رات پورے جذبے سے کام کرنا ہے انہوں نے کہا کہ وہ زمانے گئے کہ افسران کی جیبیں گرم کرنے سے عوام کے مسائل حل ہوتے تھے اب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے کوئی افسریا اہلکار کرپشن کا نام بھی نہیں لے سکتا انہوں نے عوام پر زور دیا کہ سرکاری محکموں میں اگر کسی کے ساتھ کوئی نا انصافی یا ظلم ہو تو اسکی ہمیں بروقت اطلاع کریں تاکہ اُن کیخلاف قانونی کاروائی کی جاسکے اور وہ کسی دوسرے کے ساتھ کوئی ظلم و زیادتی کرنے کی جرأت نہ کرسکے۔