سوات(نامہ نگار)جہانزیب کالج میں پختون ثقافت میں داستان گوئی، تاریخی تناظر بارے یک روزہ سیمینار، مصنف عبدالقیوم بلالہ نے سیمینار سے خطاب کیا، تفصیلات کے مطابق شعبۂ تاریخ گورنمنٹ جہان زیب کالج سوات نے ’’پختون ثقافت میں داستان گوئی:تاریخی تناظر‘‘ (پہ پختون ثقافت کے قیصے وئیل: تاریخی تناظر) کے موضوع پریک روزہ سیمینار منعقد کیا۔ سوات سے تعلق رکھنے والے کئی کتب کے مصنف عبدالقیوم بلالہ نے سیمینار کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے پختون معاشرے میں داستان گوئی کی اہمیت اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ داستانوں کی اقسام، مختلف عمر کے افراد کے لیے سنائے جانے والی داستانوں کی نوعیت، داستان گوئی کے لوازمات اور آداب وغیرہ پر مفصل روشنی ڈالی۔ ان کے گفتگو کے بعد سوال و جواب کاسیشن ہوا جس میں انہوں نے طلبہ کے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔اس موقع پر گورنمنٹ جہان زیب کالج کے پرنسپل پروفیسر عبدالوہاب خان نے بھی اظہارِ خیال کیا۔انہوں نے سوال و جواب کے موقع پر ابھرنے والے بعض نکات کے ضمن میں بھی باتیں کیں۔ سیمینار میں شعبۂ تاریخ کے طلبہ اور پروفیسروں کے علاوہ دوسرے شعبہ جات کے طلبہ، پروفیسروں اور باہر سے آنے والے مہمانوں نے بھی شرکت کی۔ آخر میں شعبہ تاریخ کے چیئرمین ڈاکٹر سلطان روم نے موضوع کی مناسبت سے بعض نکات کے ضمن میں باتیں کرنے کے علاوہ عبدالقیوم بلالہ، دیگر مہمانوں،کالج کے پرنسپل،پروفیسروں اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔سیمینار کے خاتمہ کے موقع پر سامعین نے اس کو مفید قرار دیا۔
جہانزیب کالج میں پختون ثقافت میں داستان گوئی، تاریخی تناظر بارے یک روزہ سیمینار
