خیبرپختونخوا حکومت نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سرکاری سکولوں میں ایوننگ شفٹ کا منصوبہ تیار کرلیا ، اس سلسلے میںمحکمہ تعلیم نے تیارکردہ منصوبہ اگلے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے اوراس پر آئندہ تین سال کیلئے 16 کروڑ 69 لاکھ سے زائد کی رقم خرچ کرنے کی تجویز پیش کی ہے ،محکمہ تعلیم ذرائع کے مطابق متعلقہ منصوبے کو کچھ سال قبل شروع کیا جانا تھا تاہم فنڈز کمی کے باعث اس پر عملدرآمد نہ ہوسکالہذااب اس حوالے سے پرائیویٹ سیکٹر کی خدمات لینے کا فیصلہ کیاگیا ہے، جسکے تحت حکومت سرکاری سکول کی عمارت فراہم کرے گی جبکہ نجی ادارہ سکولوں سے باہر بچوں کو داخل کرنے اور اساتذہ کی فراہمی کا انتظام کرے گی جبکہ خواہشمند طلبہ بھی ہائی تعلیم حاصل کرنے کیلئے مجوزہ منصوبے سے مستفید ہوسکیں گے۔ محکمہ تعلیم کے ایک مراسلے کیمطابق منصوبے کیلئے مالی سال 2019-20کیلئے 51 ملین روپے، 2020-21 کیلئے 56ملین جبکہ 2021-22 کیلئے62 ملین روپے سے زائد کی رقم مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ صوبے میں پنجاب کی طرز پر، جہاں ایوننگ شفٹ میں پرائمری، مڈل اور سکینڈری کلاسز لیے جاتے ہیں ،کا آپشن بھی زیرغور ہے،ذرائع کا کہنا تھا کہ ایک طرف بعض سرکاری سکولوں کے کلاسز میں تعداد سے زائد بچے پڑھنے پر مجبور ہیں جبکہ دوسری طرف جاری داخلہ مہم کیوجہ سے سکولوں میں مزید بچوں کا اضافہ ہوگا چنانچہ سیکنڈ شفٹ کے ذریعے ان بچوں کو ایڈجسٹ کیا جاسکے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم یو کوایوننگ شفٹ شروع ہونے کی صورت میں مانیٹرنگ کا ٹاسک حوالے کیاجائیگاجبکہ ایوننگ شفٹ کے حوالے سے عوامی تجاویز بھی لی جائیں گی۔
پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سرکاری سکولوں میں ایوننگ شفٹ کا منصوبہ تیار
