قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر خان شیرپائو نے کہا ہے کہ سیاسی نابالغوں نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا ، انتخابات کے دوران عوام سے جتنے بھی وعدے ہوئے وہ سب ہوا کی نذر ہوگئے، کپتان کے کھلاڑی ایک سال بھی گرائونڈ میں نہ ٹک سکے ، آٹھ ماہ بعد کابینہ میں تبدیلی ناکام پالیسیوں کا ثمرہ ہے، ناتجربہ کار ٹیم کی بدولت بیروزگاری اور مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ دی مرکزی اور صوبائی حکومتیں عوام کو ریلیف اور تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل رستم جمڈھیر میں قومی وطن پارٹی حلقہ پی کے 49کے چیئرمین عنایت اللہ خان عرف عنایت ممبر کے ہجرہ میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی مردان مجیب الرحمان، صوبائی سیکرٹری اطلاعات طارق احمد اور دیگر پارٹی عہدیدار بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ انتہائی مایوس کن اور عوام دشمن ہوگا، کپتان نے ڈی چوک اسلام آباد کے دھرنے اور الیکشن مہم کے دوران حکومت ملنے کی صورت میں ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کے جو وعدے کئے تھے وہ سب جھوٹ پر مبنی ثابت ہوئے ، آئی ایم ایف نہ جانے والوں نے قسم قسم طریقوں سے قرضے لئے جس کا سارا بوجھ عوام مہنگائی کی صورت میں اُٹھارہی ہے ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پولیو قطروں سے متعلق جو بیانات آرہے ہیں اس کی مکمل تحقیقات کی جائے ویکسین ناکارہ ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ، انہوں نے کہا کہ پختونخوا جمہوری اتحاد کے نام پر پانچ جماعتوں کا اتحاد بنایاہے جس کا مقصد پختونوں کو ان کے حقوق دلانے ہیں ۔