سوات(مارننگ پوسٹ)تحصیل ناظم اکرام خان نے کہاہے کہ نوجوان تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیل کود میں بھی بڑ ھ چڑ ھ کر حصہ لیں یہ نہ صرف صحت مندرہنے کیلئے ضروری ہے بلکہ اس سے نوجوان منشیات سمیت دیگر منفی سرگرمیوں سے بھی محفوظ رہیں گے،کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز سوات سپورٹس کمپلیکس میں انٹر باکسنگ مقابلوں کے فائنل میچ کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس سے قبل شرکاء نے ان کا بھرپور اندازمیں استقبال کیا اور کھلاڑیوں کیساتھ ان کا تعارف بھی کرایا گیا،انہوں نے مزید کہاکہ جن قوموں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں،کھیل کود کے سبب نوجوانوں میں حوصلہ بڑھتاہے اوران میں منفی سرگرمیوں کیخلاف مقابلے کا جذبہ بھی پیدا ہوتا ہے،انہوں نے کہاکہ آج کے کھلاڑیوں نے بڑی مہارت کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہمیں امید ہے کہ آگے جاکر یہ کھلاڑی ملک وقوم کا نام روشن کرنے میں اہم کرداراداکریں گے اورہم قدم قدم پر ان کی رہنمائی اورحوصلہ بھی کریں گے،تقریب کے آخر میں تحصیل ناظم اکرام خان نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں اور ان کیلئے نقد انعام کا بھی اعلان کیا۔