لاہور،اسلام آباد( نیوزایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختوانخواہ کے سرکاری ہسپتالوں میں اصلاحات کے عمل میں کسی کو رکاوٹ نہیں بننے دیاجائے گا ، سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری نہیں ہو رہی بلکہ اس میں پرائیویٹ ہسپتالوں کی طرز پر مینجمنٹ لارہے ہیں،ہرسرکاری ہسپتال میںشوکت خانم کانظام لائیںگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شوکت خانم ہسپتال کے سالانہ فنڈ ریزنگ ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ وہ ادارہ ہے جہاں پیسہ نہیں بنایا جارہا بلکہ یہاں غریب مریض آرہے ہیں اور آپ صرف اللہ کیلئے ان کا علاج کیاجارہا ہے ۔امیر ہو یا غریب مریض یہاں انسانوں میں فرق نہیں کیا جاتا اور یہ زبردست روایت سرکاری ہسپتالوں میں بھی لے کر آئیں گے۔ آج کل ہم کوشش کر رہے ہیں کہ پاکستان کے سرکاری ہسپتالوں کو بھی اس معیار پر لیکر آئیں جہاں پرائیویٹ ہسپتالوں کا معیار ہے اور اس کے لئے اس طرح کا مینجمنٹ سسٹم چاہیے جو پرائیویٹ ہسپتال کو بہتر کرتا ہے جو کہ شوکت خانم میں ہے یہ انٹر نیشنل معیار کا ہسپتال ہے یہی ہم سرکاری ہسپتالوں میں کرنا چاہتے ہیں۔ا فسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اس کی مخالفت ہو رہی ہے کیونکہ لوگوں کی سمجھ نہیں ہے۔ جب تک ہم سرکاری ہسپتالوں میں مینجمنٹ سسٹم تبدیل نہیں کریں گے وہاں ایسا علاج نہیں ہوگا جو پرائیویٹ ہسپتال میں ملتا ہے ۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں اس تقریب سے پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم اس ملک کے سرکاری ہسپتالوں کو ٹھیک کریں گے اور انشا اللہ سزا او رجزا کا نظام لے کر آئیں گے۔مجھے افسوس ہے کہ کئی لوگ اس تبدیلی بہتر کرنے کے راستے میںرکاوٹ بنے ہوئے ہیں مگر ہم کسی صورت رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے ۔علاوہ ازیں ہفتے کے روز وزیر اعظم عمران خان گور نر ہائوس لاہور پہنچے جہاں وزیر اعظم عمران خان سے تو وزیر خارجہ شاہ محمود قر یشی ‘گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور اور ایم این اے زین قر یشی نے ملاقات کی جس میں مختلف ایشوز کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔قبل ازیں وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کیساتھ صوبائی کابینہ اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔اس موقع پر انھوں نے کہا کہ منصوبوں میں پرائیویٹ سیکٹر کو شامل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے مختلف ماڈلز لاگو کیے جائیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں ہنرمندافراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں، ون ونڈو آپریشن کے تحت سرمایہ کاروں کوسہولت فراہم کی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کاروبار کو آسان بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ علاوہ ازیںہفتہ کو بنی گالہ میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعظم عمران خان نے ملک بھر میں صحت کی سہولتوں اوردوائوں کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم نے دوائوں کی قیمتیں عام لوگوں کی پہنچ تک رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ملک میں علاج کی سہولتوں کو معیاری اور آسان بنایا جائے۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ علاج معالجے کی سہولتیں عام آدمی کی دسترس سے باہر نہ ہوں۔