خیبرٹیچنگ ہسپتال پشاورمیں بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے دوران تلخ کلامی کے بعد مشتعل ڈاکٹر نے مبینہ طورپر وزیراعظم کے کزن ڈاکٹر نوشیروان برکی پر انڈے ماردیئے جس پر ہسپتال میں ہنگامہ کھڑا ہوگیااورڈاکٹر نوشیروان برکی کوبچاتے ہوئے وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ بھی زخمی ہوگئے ۔ذرائع کے مطابق منگل کے روز ایم ٹی آئی ایکٹ کے خالق ڈاکٹر نوشیروان برکی بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں شرکت کیلئے خیبرٹیچنگ ہسپتال پہنچنے جہاں ہسپتال کے اسسٹنٹ پروفیسرسرجری ڈاکٹر ضیاء الدین بھی پہلے سے موجود تھے جنہوں نے تلخ کلامی کے بعد مبینہ طورپر ڈاکٹر نوشیروان برکی پرانڈوں سے حملہ کردیااوراس واقعہ کے ساتھ ہی ہسپتال میں ہنگامہ کھڑا ہوگیا۔ادھر وزیرصحت ڈاکٹر انعام اللہ خان نے جاری بیان میں کہا ہے کہ کے ٹی ایچ میں اجلاس کے اختتام پر متعلقہ ڈاکٹر نے ڈاکٹر نوشیروان برکی پر حملہ کیا،انہوں نے کہا کہ متعلقہ ڈاکٹر کے ہاتھ میں چاقوبھی تھا جس سے اس نے ڈاکٹر نوشیروان پرحملہ کیاجبکہ ڈاکٹر نوشیروان برکی کو بچاتے ہوئے انہیں بھی چوٹیں آئیں۔ بیان کے مطابق ڈاکٹر نوشیروان برکی حملے کے بعد زمین پر گر پڑے، انہوں نے کہا کہ متعلقہ ڈاکٹر نے کچھ روز قبل بھی میری پریس کانفرنس کے دوران مجھ پر حملے کی کوشش کی تھی۔