وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کینسر ہسپتال سائنور سوات کی اپ گریڈیشن کو اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ سوات میں کینسر ہسپتال کی اپ گریڈیشن پر 491 ملین روپے خرچ ہوں گے جبکہ پشاور کینسر ہسپتال ارنم کی اپ گریڈیشن پر 1270 ملین روپے کی لاگت آئے گی وزیراعلیٰ نے صوبے میں موجود پانچ کینسر ہسپتالوں کو سالانہ 125ملین روپے کی گرانٹ ان ایڈ دینے کی بھی منظوری دی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ سوات میں ایگرکلچر ریسرچ سنٹر اور سب سٹیشن نیفا کو سوات میں موجودہ سیٹ اپ میں ہی اپ گریڈ کیا جائے ۔ محمود خان نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں سوات کینسر ہسپتال (سائنور) اور ارنم ہسپتال پشاور کی اپ گریڈیشن اور سوات میں نیفا(نیوکلیئر انسٹیٹوٹ آف فوڈ اینڈ ایگلرکلچر) سب سٹیشن کے قیام کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں وزیرزراعت محب اﷲ خان ، ڈاکٹر مسعود الحسن ممبرپاکستان اٹامک انرجی کمیشن ، میجر جنرل عابد ممتاز، ڈی جی سٹرٹیٹجک پلان ڈویژن، سیکرٹری ہیلتھ ، سیکرٹری ایگرکلچر ، ڈی سی ایم او ارنم ہسپتال ڈاکٹر عاکف اﷲ خان، ڈائریکٹر سائنو رسوات، ڈپٹی کمشنر سوات و دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کا شعبہ صحت میں کردار ، صوبہ خیبرپختونخوا میںنیوکلیئر میڈیسن سنٹرز اور سوات کینسر ہسپتال سائنور ، ارنم ہسپتال پشاور کی مجوزہ اپ گریڈیشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس کو پورے پاکستان اور خصوصاً خیبرپختونخوا میں نیوکلیئر میڈیسن سنٹرز کے قیام اور کردار پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو صوبہ خیبرپختونخوا میںموجود پانچ کینسر ہسپتالوں میں کینسر کے مریضوں کے ٹرن آؤٹ ، اُن کے علاج اور دیگر سروسز کے بارے میں بھی بتایا گیا ۔ اجلاس کو سوات میں کینسر ہسپتال سائنور کی موجودہ حالت اور اپ گریڈیشن اور اُس پر لاگت کے بارے میں بھی تفصیلاً بتایا گیا۔محکمہ زراعت خیبرپختونخوا نے بھی اجلاس کو صوبے میں زراعت کے حوالے سے کارکردگی اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی صوبے کی زراعت اور خوراک میں کردار پر بھی تفصیلی بریفنگ دی اجلاس کو پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی مدد سے حاصل کردہ 111 مختلف اقسام کی فصلوں کے بارے میں بھی بتایا گیا ۔
کینسر ہسپتال سائنور سوات، ایگرکلچر ریسرچ سنٹر اور سب سٹیشن نیفا کو موجودہ سیٹ اپ میں اپ گریڈ کیا جائے،وزیر اعلی
